Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری، گال ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط

پاکستان پہلی اننگز میں 461 رنز بناکر آؤٹ، 149 رنز کی برتری لے لی
شائع 18 جولائ 2023 07:06pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف 149 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 221 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا۔

278 کے مجموعی اسکور پر آغا سلمان 83 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر 177 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی، جس کا خاتمہ مینڈس نے کیا۔

اس کے بعد سعود شکیل اور نعمان علی نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم مینڈس نے ایک مرتبہ پھر لیفٹ ہینڈ بیٹر کو 25 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا، شاہین شاہ آفریدی کی باری 9 رنز پر ہمت ختم ہوئی۔

اس دوران سعود شکیل نے نسیم شاہ کے ساتھ مل کر 94 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس میں فاسٹ بولر نے صرف 6 سکور بنائے، مینڈس نے نسیم شاہ کو بولڈ کیا جبکہ ابرار احمد 10 سکور بنا کر چلتے بنے۔

سعود شکیل نے پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بناتے ہوئے 208 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، وہ سری لنکا میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5، پربھات جےسوریا نے 3 جبکہ وشوا فرنینڈو اور کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے 312 رنزکے جواب میں قومی ٹیم نے 461 رنز بنائے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنالیے تھے۔

کھیل کا دوسرا روز

سری لنکن اننگز

گزشتہ روز دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی جنہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔

پاکستانی اننگز

دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز اسکور کیے۔

بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، گزشتہ روز بھی بارش کے سبب میچ روکنا پڑا تھا۔

کھیل کا پہلا روز

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

cricket

test match

Galle Test

pakistan vs sri lanka

saud shakeel