Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پرویز خٹک کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر وائرل پارٹی اراکین کی فہرست جعلی قرار دیدی

اگلے اجلاس میں مکمل فہرست جاری کروں گا، اسحاق خٹک
شائع 18 جولائ 2023 11:59am

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک کے بیٹے اسحاق خٹک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پارٹی اراکین سے متعلق فہرست کو جعلی قرار دے دیا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں اسحاق خٹک نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا پہلا مشاورتی اجلاس تھا جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پارٹی اراکین سے متعلق لسٹ میں صداقت نہیں، وائرل لسٹ مکمل طور پر جعلی ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سابق ارکان اسمبلی پرویز خٹک کی نئی جماعت میں شمولیت کے دعوؤں کو مسترد کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے اجلاس میں مکمل فہرست جاری کروں گا۔

پی ٹی آئی پی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر اراکین کی ایک فہرست گردش کرنے لگی تھی جس میں کچھ ایسے نام بھی تھے جو شمولیت کا دعویٰ مسترد کرچکے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک نے گزشتہروز اپنی نئی جماعت (پی ٹی آئی پارلیمنٹینرز) کے قیام کا اعلان کیا۔

اس حوالے سے ایک شادی ہال میں تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں تحریک انصاف کے سابق ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

اس دوران ایک عجیب صورت حال بھی پیدا ہوئی عدالت سے جیل حکام کے حوالے کیے گئے دو سابق اراکین اسمبلی تقریب میں نظر آئے۔

اس حوالے سے جیل حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ارکان کو 24 گھنٹے کیلئے پرول پر رہا کیا گیا تھا، اورملزمان وقت سے پہلے جیل واپس پہنچ چکے ہیں۔

پرویزخٹک کی جانب سے نئی جماعت کے اعلان پر تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھا کہ مون سون جاری ہے، ملک میں ساون کے گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اُگ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے اپنی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

Pervez Khattak

PTIP

Pakistan Tehreek Insaf Parliamentarians

Ishaq Khattak