Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہم اتنے پاپڑنہیں بیلتے: بھارتی میڈیا پرفواد چوہدری کے وائرل بیان کی حقیقت کیا ہے

چندریان 3 سے منسوب بیان میں سابق وزیر کا مذاق اڑایا جارہا ہے
شائع 18 جولائ 2023 12:04pm
تصویر: گلف نیوز
تصویر: گلف نیوز

انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی جانب سے جمعہ 14 جولائی کو چاند پربھیجے گئے میگا مشن’چندریان 3’ کے حوالے سے یپاکستان کے سابق وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس پربھارتی صارفین کی جانب سے طنزیہ اور مذاق اڑاتی ٹویٹس کی جارہی ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فواد چوہدری نے چندریان 3 کی کامیاب لانچ پر بھارت اور اسرو کو مبارکباد دی لیکن اس ویڈیو کلپ میں انہیں ایسے مشنز کا مذاق اڑاتے ہوئے عجیب وغریب منطق پیش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق نیوزشومیں شریک فواد چوہدری خلائی مشن چندریان سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہہ رہے ہیں کہ، ’اتنے پاپڑ بیلنے کی ضرورت نہیں ہے‘۔

فواد چوہدری کی باتوں کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے بھارتی صارفین نے طنزیہ ٹویٹس میں خوب مذاق اڑایا۔

لیکن کیا واقعی فواد چوہدری کا یہ ویڈیو کلپ جمعہ 15 جولائی کو خلا میں بھیجے جانے والے چندریان 3 کے حوالے سے ہے؟۔

فیکٹ چیک

فواد چوہدری کی یہ ویڈیو 26 مئی 2019 کی ہے اور وہ یہاں بطور وقافی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان میں رمضان اور عید کے چاند پراختلافات کے حوالے سے بات کررہے ہیں۔

مئی 2019 میں ہی انہوں نے سائنس کی مدد سے 5 سال کا قمری کیلینڈر جاری کرنے کا اعلان کیا تھا جس پررویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر کے اجرا کے ساتھ چاند کی تاریخوں سے متعلق ویب سائٹ بھی متعارف کروائی تھی جس پر ماہانہ رپورٹس، ہجری کیلینڈر، اسلامی تہوار اور نقشے دیے گئے تھے۔

26 مئی 2019 کوآن ائر انے والے نجی ٹی وی کے اس ٹاک شو میں فواد چوہدری قبل از وقت عید کی تاریخ کے اعلان کے حوالے سے ہی بات کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ، ’منسٹری آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ہمارا ایک پوائنٹ آف ویو ہے، چاند جو ہے وہ نظرآجاتا ہے، اس کی لوکیشن پتہ ہوتی ہے ، یہ پتا ہوتا ہے کب پیدائش ہورہی ہے، کس ٹیریٹری میں اس کا کیا ایلٹی ٹیوڈ ہوگا، ایگزیکٹلی پتہ ہوتا ہے‘۔

یعنی یہ بیان انہوں نے چندریان کی روانگی سے 4 سال سے بھی زائد عرصہ قبل دیا تھا لیکن حسب روایت مذاق اڑانے میں پیش پیش بھارتی میڈیا نے بنا تحقیق کے خبرشائع کردی۔

Fawad Chaudhary

Chandrayaan 3

Isro