Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

روس میں جیٹ سکی کے ذریعے پل پر ’ڈرون‘ حملہ

حملے میں دو روسی شہری ہلاک، ایک بچی زخمی
شائع 18 جولائ 2023 11:02am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

یوکرین کی جانب سے مبینہ طور پر روسی حدود میں حملے کے بعد روس کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے، روس نے یوکرین سے اناج برآمدات کے معاہدے پر عملدرآمد روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کریمیا پل پر جیٹ سکی ڈرون حملے کا الزام کیف پر عائد کیا ہے۔

پیر کو ہونے والے حملے میں کرچ پل کو نقصان پہنچا، جو روس کو ماسکو کے ساتھ ملحقہ کریمیا سے ملاتا ہے، اور خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ریموٹ کنٹرول جیٹ سکی کی مدد سے کیا گیا۔

روس کے زیرانتظام یوکرین کے علاقے کریمیا کے پُل پر مبینہ طور پر یوکرین کے حملے میں دو روسی شہری ہلاک اور ایک بچی زخمی ہوگئی تھی جبکہ پل کو جزوی نقصان پہنچا۔

دوہرے دھماکے میں 36 سالہ نتالیہ کولک اور ان کے شوہر 40 سالہ الیکسی ہلاک ہو گئے، جو کار سے پل عبور کر رہے تھے۔ ان کی 14 سالہ بیٹی انجلینا انتہائی نگہداشت کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

اس حوالے سے بلائی گئی ایک میٹنگ کے دوران پیوٹن نے اپنے ماتحتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’یہ کریمیا کے پل پر دوسرا دہشت گرد حملہ ہے، میں اس تزویراتی طور پر اہم ٹرانسپورٹ سہولت کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس تجاویز کا انتظار کر رہا ہوں۔‘

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ وزارت دفاع کریمیا کو جنوبی روس سے ملانے والے پل پر حملے کا جواب دینے کے لیے تجاویز تیار کر رہی ہے۔

دوسری جانب امریکا نے روسی صدر پیوٹن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔

امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکا دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر روسی اور یوکرینی گندم کی ترسیل یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

Russia Ukraine War

Crimean Bridge