Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنا چاہئیے، رانا ثنااللہ

آئی ایم ایف نے ایسی شرائط منظورکرائیں جو ظلم کے مترادف ہے، رانا ثنااللہ
اپ ڈیٹ 18 جولائ 2023 08:48am

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنا چاہئے، اگر کوئی جرم کیا ہے تو انہیں میرٹ پر سزا ملنی چاہئے۔

”آج نیوز“ کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ آئینی تقاضہ ہے کہ اسمبلیاں 5 سال مدت پوری کریں، اور اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے 90 دن میں الیکشن ہونے چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ 60 سے 90 روز میں الیکشن ہونا آئین کا تقاضہ ہے، اور بروقت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جب کہ نگراں حکومت نے الیکشن کیلئے انتظامات کرنے ہیں، اسمبلی کی مدت 13 سے 14اگست کو مکمل ہو جائے گی، وزیر اعظم چیف الیکشن کمشنر کی سہولت کو مدنظر رکھیں، 90 دن سے آگے الیکشن جانے کا کوئی خدشہ نہیں، انتخابات میں تاخیر کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ خداخدا کرکے آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوا ہے، آئی ایم ایف نے4 سے 5 ماہ برباد کر دیئے، اس نے ایسی شرائط منظورکرائیں جو ظلم کے مترادف ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ مردم شماری کا ایم کیوایم کے تحفظات سے کیا تعلق ہے، انتخابات انتخابی فہرستوں پر ہونے ہیں مردم شماری پر نہیں، انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے سے آبادی کا کوئی تعلق نہیں، آبادی سے صوبوں کی نشستوں پر فرق پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقہ بندیوں کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے، آئین میں ترمیم کون کرے گا، مردم شماری کرانا نگراں حکومت کا کام نہیں، کیا بلوچستان کی مردم شماری کسی کو قابل قبول ہے، کراچی کی مردم شماری کو بھی کسی نے قبول نہیں کیا، جدید تکنیک کے مطابق مردم شماری ہونی چاہئے۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ، پرویزخٹک کومعلوم ہوگا کہ انہوں نے پارٹی کیسے چلانی ہے، ہو سکتا ہے وہ بعد میں کچھ چیزیں سامنے لائیں، ان کا گروپ کافی طاقتور ہے، اس طرح ہو تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں، پارٹی جیسے بنتی ہے ویسے ہی تقسیم ہو جاتی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ نوازشریف کی سیاست کو نااہلی اور مقدمات نہیں روک سکتے، وہ وطن واپس ضرور آئیں گے، ان کی واپسی کی تیاری کر رہے ہیں، ان کی واپسی میں کوئی نااہلی حائل نہیں ہوگی، وہ اپنی پارٹی کی قیادت کریں گے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنا چاہئے، انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو سزا ملنی چاہئے، اور جرم کے خلاف کارروائی میرٹ پر ہونی چاہئے، الیکشن لڑنے کیلئے کسی جرم کو معاف نہیں کیا جا سکتا، 9 مئی کی منصوبہ بندی کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں، یہ بھی نہیں جانتے کہ اس حرکت سے کیا نقصان ہوسکتا ہے۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ افغان عبوری حکومت دنیا سے کیا گیا وعدہ پورا کرے، کالعدم ٹی ٹی پی افغان حکومت کےکنٹرول میں نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان سے سہولت کاری میسرہے۔

imran khan

Rana Sanaullah

pti chairman