Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

4 سال کی تباہی کا نقصان پاکستان اورعوام کو بھگتنا پڑا، وزیراطلاعات

ان کے ابتدائی 14ماہ میں ہی گیس، بجلی، آٹا سب ختم تھا، مریم اورنگزیب
شائع 17 جولائ 2023 05:03pm

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 4 سال کی تباہی کا نقصان پاکستان اورعوام کو بھگتنا پڑا، ان کے ابتدائی 14ماہ میں ہی گیس، بجلی، آٹا سب ختم تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر الزام لگانے والےآج ان کی سچائی کی گواہی دے رہے ہیں، گزشتہ 4 سال میں ملک کو لوٹ کر دوسروں پرالزامات لگائے گئے، ملک اور عوام دشمنی کی تمام حدیں پارکی گئیں، ہر شعبے کو تباہ کر دیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے 2018 میں ترقی کرتا ہوا پاکستان ان کے حوالے کیا تھا، لیکن ان کے ابتدائی 14ماہ میں ہی گیس، بجلی، آٹا سب ختم تھا، خواتین انگھوٹے پر نشان لگوا کر ایک کلو چینی لیتی تھیں، کورونا کے دوران گیس خریدنے کا تاریخی موقع ضائع کیا گیا، گزشتہ حکومت نےآئی ایم ایف کے پروگرام کی خلاف ورزی کی، اور اپنی سیاست بچانے کیلئے پٹرول سستا کیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت4 سال میں ایک میگاواٹ بجلی نہ بناسکی، انہوں نے 350 ڈیمزبنانے کا اعلان کیا تھا، لیکن ڈیمز کے نام پرعوام کو ڈیم فول بنایا گیا، فرنس آئل لابی نے ہمارے لگائے منصوبے بند کر دیئے، اور کہا گیا کہ ن لیگ نے ضرورت سے زیادہ منصوبے لگائے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں حکومت ملی تومعیشت تباہ اورمہنگائی عروج پرتھی، اتحادی حکومت نے ملک کیلئے دن رات کام کیا، ہم نے کم ترین مدت میں تاریخی مشکلات کا سامنا کیا، لیکن ملک کو ڈیفالٹ ہونے بچایا، ہم نے تقسیم اور نفرت کو اتحاد اور ملک کی تعمیر میں بدلا اور معاشی استحکام والا پاکستان دے کر جارہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج سیلاب متاثرین کےگھر بن چکے ہیں، بحالی کاکام جاری ہے، ہم نے ہرفورم پر کلائمنٹ چینج سے متعلق آواز اٹھائی، کسانوں کو پیکج دیا، نتیجے میں ریکارڈ پیداوار ہوئی، گزشتہ4 سال میں کوئی پیکج کیوں نہیں دیا گیا لیکن ہم نے اسلام آباد کی ترقی کیلئے 20 بلین کا پیکج دیا، اسلام آباد کے ہر روڈ پر میٹرو بسز چل رہی ہیں، اور پہلی میٹرو صرف15 دن میں چلی تھی، جس پر مزدور، طالبعلم اور سرکاری ملازمین سفرکرتے ہیں، بارہ کہو برج سے مشکل ترین سفر آسان ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو کچھ 14ماہ میں ہوا وہ 4 سال میں کیوں نہیں کیا گیا، 4 سال کی تباہی کا نقصان پاکستان اورعوام کو بھگتنا پڑا، 14ماہ کے دوران ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، آئی ایم ایف پروگرام بڑی جدوجہد کے بعد بحال کروایا، جب کہ ماضی کی حکومت نے جان بوجھ کر خلاف ورزی کی تھی، ہم نوجوانوں کو قرض دے رہے ہیں، ٹیوب ویلز کو سولر پر لا رہے ہیں۔

imran khan

PTI government

maryum aurangzeb