Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ملالہ یوسفزئی اور والد ضیاالدین افریقہ کے رنگ میں ڈھل گئے

نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن کا سالگرہ اور پہلی تقریر کی یاد میں نائجیریا کا دورہ
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2023 01:05pm
تصویر: ٹوئٹر/ضیاءالدین یوسفزئی
تصویر: ٹوئٹر/ضیاءالدین یوسفزئی

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی لڑکیوں کی تعلیم میں مزید سرمایہ کاری کی وکالت کیلئے اس وقت نائجیریا میں موجود ہیں، ملالہ 12 جولائی کو نائجیریا پہنچی تھیں، ان کے والد نے ملالہ کے ساتھ اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے نائجیرین حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ملالہ فنڈ پریس ٹیم کی طرف سے پیر کو ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملالہ کا یہ دورہ اقوام متحدہ میں ان کی مشہور تقریر کی 10 ویں اور ان کی اپنی سالگرہ کی یاد میں ہے۔

ملالہ یوسفزئی کو طالبان نے 2012 میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے نفاذ کے لیے سر میں گولی مار دی تھی۔اور 12 جولائی 2013 کو انہوں نے اپنی 16ویں سالگرہ کے موقع پر اقوام متحدہ میں ایک طاقتور تقریر کی۔

2014 میں اقوام متحدہ نے ان کی وکالت اور دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت کے اعزاز میں 12 جولائی کو ”ملالہ ڈے“ کا نام دیا۔

ان کی پریس ٹیم کے مطابق، ملالہ اقوام متحدہ کی امن کی سفیر کے طور پر نائجیریا کے دورے پر ہیں، تاکہ بچیوں کے لیے معیاری اور قابل رسائی تعلیم کے حصول کے لیے تعلیمی قانون سازی میں ترمیم کا مطالبہ کیا جا سکے۔

ملالہ اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، امینہ جے محمد کے ساتھ نائیجیریا پہنچی ہیں، ان کے ساتھ ان کے والد اور ملالہ فنڈ کے شریک بانی ضیاء الدین یوسفزئی بھی ہیں۔

ملالہ کے والد نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا، ’ہمارے دورے کے دوران شاندار حمایت اور نائجیریا میں لڑکیوں کی تعلیم کو آگے بڑھانے کے عزم کے لیے حکام، یو این نائجیریا، تعلیم کے حامیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور حکومت کا مشکور ہوں۔ اپنی اجتماعی کوششوں سے، ہم ہر نائیجیرین لڑکی کے لیے سینئر سیکنڈری تک مفت، محفوظ اور معیاری تعلیم کو یقینی بنا سکتے ہیں۔‘

یہ گروپ ثانوی اسکولوں کا دورہ کرے گا اور نوجوان خواتین، کارکنوں اور اساتذہ سے ملاقات کرے گا، جنہیں ملالہ فنڈ سپورٹ کرتا ہے، نیز حکومت کے اہم رہنماؤں سے ملاقات بھی کرے گا جن کی حمایت نائیجیریا میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے پیش رفت کے لیے اہم ہے۔

دورے کے دوران، ملالہ اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملالہ ڈے کی ایک خصوصی تقریب کی میزبانی بھی کریں گی جس میں نائجیریا کے حکومتی رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوان کارکنوں کی شرکت ہوگی۔

2014 سے، ملالہ فنڈ نے پورے نائیجیریا میں پارٹنر تنظیموں اور ان کے پروگراموں میں 6.1 ملین ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔

Malala Yousafzai

Malala Day

Ziauddin Yousafzai