Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے قیام کا اعلان کردیا

جب راز کھلیں گے تو سب کی آنکھیں بھی کھل جائیں گی، پرویز خٹک
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2023 08:24pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کرنے کے بعد نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کردیا، نئی جماعت کا نام پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز رکھا گیا ہے۔

ماضی میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خاصے قریب رہنے والے پرویز خٹک نے بڑا قدم اٹھالیا۔

سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے اپنی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کردیا۔

جب راز کھلیں تو سب کی آنکھیں بھی کھل جائیں گی

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ ہم خیال سابق ارکان اسمبلی اکھٹے ہوئے ہیں، صلاح و مشورے سے آئندہ کا سیاسی لائحہ طے کریں گے، ہم نے نئی سیاسی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا نام پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین ہوگا، جلد ہی پارٹی منشور اور جھنڈے کا اعلان بھی کریں گے۔

پرویزخٹک نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے، ہمارا فیصلہ پاکستان کی مفاد میں ہوگا، میں نے اور محمود خان نے 2 بار اس صوبے پر حکومت کی، اور صوبے کی خدمت کی، سڑکوں کا جال پھیلایا، صحت کارڈ دیا، بی آر ٹی بنائی، صوبے میں سیاحت کوفروغ دیا، بلین ٹری اور سوات موٹروے بنائی، ہم صوبے اور پاکستان کی مزید خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ عوام کیلئے دو سوال چھوڑتا ہوں، کیا ہم نے جمہوریت یا انتشار کے راستے پر چلنا ہے، یہ سوال گہرا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کو تسلیم نہیں کیا، آج تک ہم انتشار کی طرف جارہے ہیں، سب کو سوچنا چاہئے کہ یہ ہمارا ملک ہے، راز جب کھلیں گے تو سب کی آنکھیں بھی کھل جائیں گی، سب کو پتا چل جائے گا کہ پی ٹی آئی کا پروگرام کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں میں پرویز خٹک نے کئی سابقہ ایم پی ایز سے ملاقاتیں کیں اور طویل مشاورت کے بعد آج انھوں نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا۔

نئی سیاسی جماعت کے اعلان سے قبل پرویز خٹک نے اپنے ساتھیوں کا اہم اجلاس نجی شادی ہال کے اندر بلایا جس میں نئی پارٹی کا نام، جھنڈا اور منشور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے مقام پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

پرویز خٹک کا پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز بنانے کا مقصد یہ ہے کہ وہ تحریک انصاف پختونخوا کے سابق ممبران یا رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں تاکہ پی ٹی آئی کا ووٹ ضائع ہونے سے بچ جائے۔

imran khan

Pervez Khattak

PTI Leaders Left Party

MAY 9 RIOTS