Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی چیئرمین کی نفرت کی سیاست 9 مئی کو کھل کر سامنے آگئی، رانا ثنااللہ

سوشل میڈیا پر گھٹیا مہم اس نے چلائی اور گالم گلوچ بریگیڈ بنایا، وفاقی وزیر
شائع 16 جولائ 2023 10:36pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

وفاقی وزیر زیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آتے ہی نفرت کی سیاست شروع کی، جو 9 مئی کو کھل کر سامنے آگئی۔

فیصل آباد کے نواحی گاؤں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک بحرانی کیفیت میں ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے میں 1 سال لگا، اور آئی ایم ایف سے معاہدے کا خمیازہ پوری قوم نے بھگتا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی پر تمام سبسڈی ختم کرنے اور گیس کے بل بڑھانے کا بھی معاہدہ کیا تھا، لیکن پھر اس معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کہتا تھا کہ 1 کروڑ نوکریاں دوں گا، 50 لاکھ گھر دوں گا، لیکن اس آدمی نے آتے ہی نفرت کی سیاست شروع کی، اور کہا کہ میں سب کو جیلوں میں ڈالوں گا، سوشل میڈیا پر گھٹیا مہم اس نے چلائی، اور گالم گلوچ بریگیڈ بنایا، وہ نفرت 9 مئی کو کھل کر سامنے آگئی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت بنا تو مسلم دنیا نے جشن منایا، ہم نے چین سے مدد لی اور سی پیک لے کر آئے، پاکستان آگے بڑھ رہا تھا تو 2018 میں ایک بار پھر 12 اکتوبر لایا گیا، الیکشن میں دھاندلی کی گئی، اور ایک ایسی جماعت کو مسلط کیا گیا جس نے ملک کو بحران سے دوچار کیا۔

imran khan

Rana Sanaullah