Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چیئرمین پی ٹی آئی کی پرانی تقاریر ہی اس کی سزا ہے، عبدالقادر پٹیل

سیاست میں اختلاف ہوتا ہے دشمنی نہیں، وفاقی وزیر
شائع 16 جولائ 2023 05:57pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی پرانی تقاریر ہی اس کی سزا ہے، انہوں نے سیاست میں گالم گلوچ اور جھگڑا متعارف کرایا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ وہ آئے ہی پاکستان کی تباہی کے لیے تھے، حکیم سعید اور ڈاکٹر اسرار نے ٹھیک کہا کہ یہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے آیا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم نے ایک شخص کو آئینی طریقے سے کرسی سے ہٹایا، وہ شخص حکومت کرنے کے قابل بھی نہیں تھا، لوگ کہتے ہیں کہ اسے 5 سال پورے کرنے دیتے تو یہ ہمیشہ کے لیے فارغ ہوجاتا، لیکن ہم چاہتے تھے کہ جلد از جلد اسے ہٹائیں، ہم نے اقتدار کے لیے یہ قدم نہیں اٹھایا تھا، وہ ملک کا بھٹہ بٹھا دینا چاہتا تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پہلا وزیراعظم ہے جو آئینی طریقے سے فارغ ہوا، ہم نے تو اسے قومی اسمبلی میں 174 کی اکثریت دکھائی، اور وہ کہتا ہے کہ مجھے امریکا نے ہٹا دیا، اس کی پرانی تقریر ہی اس کی سزا ہے، یہ جو بات کرے اسے اس کی پرانی تقریر دکھاؤ۔

عبدالقادرپٹیل نے مزید کہا کہ تمہیں یہاں وہاں سے پکڑ کر لوگ دیے اور حکومت میں لایا گیا، انہوں نے سیاست میں گالم گلوچ اور جھگڑا متعارف کرایا، یہ ایک نئی نسل ہے جس میں عزت اور شائستگی نام کی کوئی چیز نہیں، اس نے معاشرے سے روایتی شائستگی کو تباہ کردیا، ہم نے ان کے کارکنوں کو سمجھانا ہے کہ سیاست میں اختلاف ہوتا ہے دشمنی نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک کو تباہی کی جانب لے جانے کیلئے مسلط کیا گیا، ملک کی تاریخ میں کبھی فوجی تنصیبات پرحملے نہیں کئے گئے، 9 مئی کو بدترین طریقے سے ایک پلان کے تحت آرمی تنصیبات پر حملے کئے گئے۔

imran khan

abdul qadir patel