Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اگست میں مدت پوری ہونے سے پہلے حکومت چھوڑ دینگے، وزیراعظم

عوام جسے بھی منتخب کریں، ہم تسلیم کریں گے، شہباز
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2023 08:21am
وزیراعظم شہیباز شریف سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ تصویر/ پی آئی ڈی
وزیراعظم شہیباز شریف سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ تصویر/ پی آئی ڈی

وزیراعظم شہیباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت اگست میں پوری ہو رہی ہے لیکن وہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی حکومت چھوڑ دیں گے۔

شہباز شریف نے اتوار کو سیالکوٹ اور لاہور میں دو تقریبات سے خطاب کیا۔

سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں، لیکن کل پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھی ہے، قیمتوں کا فرق آنے سےعوام کو ریلیف دیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہونہار اور قابل بچیوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی، انہوں نے اے گریڈ حاصل کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زندگی کے تجربے کی بنیاد پر قوم کی بیٹیوں سے کہنا چاہتا ہوں، کہ یہ لیپ ٹاپ احسان نہیں بلکہ آپ کی محنت کا اعتراف ہے، آپ کو یہ لیپ ٹاپ کسی ایم این اے کی سفارش پر نہیں میرٹ قابلیت کی بنیاد پر دیئے گئے۔

شہبازشریف نے کہا کہ یہ کاوش پاکستان کو چیلنجز سے نکال کر عظیم قوم بنائے گی، اس پروگرام کا آغاز 2011 میں پنجاب میں کیا تھا، ہم دوسرے صوبوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کرتے تھے، پنجاب پاکستان نہیں ہے، پاکستان بنتا ہے چار صوبوں کے ساتھ، تمام صوبوں کی ترقی میں ہی پاکستان کی خوشحالی کا راز ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی جو تقسیم جاری ہے یہ سال 2022 اور 23 کی ہے، اگلے سال کے لیے 1 لاکھ اور لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے، بچوں کی تعلیم کا مطلوبہ ماحول پیدا نہ کیا تو پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، 45 ملین ڈالرز کے لیے بڑی دقت پیش آئی، وزیرخزانہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے یہ رقم مہیا کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے ہیں، خواتین پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد ہیں، انہیں حصہ بنائے بغیر کوئی قوم ترقی کے پہیے کو برق رفتاری سے نہیں چلا سکتی، شادیوں کے بعد ہماری بیٹیاں گھر میں بیٹھ جاتی ہیں، ہم نے اس روایت کو ختم کرنا ہے، تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کو عملی میدان میں آنا ہوگا۔

اس سے قبل لاہور میں وزیراعظم یوتھ اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوا ہوتا تو روپے کی قدر نہ بڑھتی۔ آئی ایم ایف کا پروگرام حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں، آئی ایم ایف پروگرام ہمارےلئےچیلنج ہے، ہمیں اپنی معیشت کیلئےانقلابی اقدامات کرناہوں گے، انقلابی اقدامات سے ترقی ہمارےقدم چومے گی، جرات مندانہ فیصلوں سے معیشت مستحکم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے نوجوانوں کو قرضے اور لیپ ٹاپ دیے تھے، نواز شریف چین سے سی پیک لایا، نواز شریف دور میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا، نواز شریف دور میں بجلی کے کارخانے لگے، نواز شریف نے ہی نوجوانوں کو کلاشنکوف کے بجائے قلم دیا، لیکن سازش کے تحت نواز شریف کو پابند سلاسل کیا گیا، نواز شریف کا کارکن ہونے پر مجھے بھی جیل میں ڈالا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک شخص کو فراڈ کرکے وزیراعظم بنایاگیا، وہ شخص 4 سال تک چور ڈاکو کی گردان کرتا رہا، اس شخص نے 4 سال تک ایک اینٹ نہیں لگائی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام نے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے۔ عوام جس کوبھی منتخب کرے ہم تسلیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مدت اگست میں پوری ہو رہی ہے لیکن وہ وقت سے پہلے حکومت چھوڑ دیں گے۔

ماہرین کے مطابق اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے سے چند روز پہلے ہی انہیں تحلیل کیا جائے گا جس کا مقصد یہ ہے کہ نگران حکومت کو الیکشن کرانے کے لیے 90 دن مل جائیں ۔ اگر اسمبلیاں مدت پوری کرتی ہیں تو الیکشن 60 دن میں کرانا ہوں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مالم جبہ کا اربوں کا اسکینڈل ہمارے دور کا نہیں، خانہ کعبہ کے ماڈل کی گھڑی کا اسکینڈل بھی ہمارا نہیں، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل بھی ہمارے دور کا نہیں، ان حقائق کو کوئی بھی نہیں جھٹلا سکتا

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کو موقع دیا تو ہم ملک کو ترقی دیںگے، لوگ کہتے ہیں میں لیپ ٹاپ نہیں رشوت دے رہا ہوں، میں نے اپنے دور میں 10 لاکھ لیپ ٹاپ دیےتھے، کورونا کے دوران لیپ ٹاپ کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ منقطع نہیں ہوا، لیپ ٹاپ کی وجہ سے آئی ٹی میں انقلاب آیا ہے، ایک لیپ ٹاپ بھی سفارش پرنہیں دیاگیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں صرف4 فیصد مارک اپ پر 3 ارب ڈالر کے قرضے دیے گئے، سابق وزیراعظم کی اہلیہ مہنگے تحفے لیتی تھیں، مالم جبہ اسکینڈل میں خود کو کلین چٹ دی گئی۔

PM Shehbaz Sharif