Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

’اس کا صرف ایک کام تھا مینوں نوٹ وکھا میرا موڈ بنے‘

ماضی پر غور کریں سمجھ آجائے گا کہ ملک کیخلاف سازش کی گئی، خواجہ آصف
شائع 16 جولائ 2023 11:18am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ماضی پر غور کریں سمجھ آجائے گا کہ ملک کیخلاف سازش کی گئی، نواز شریف کو بھی سازش کے تحت ہٹایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے حکم پر نو مئی کو قیامت ٹوٹی۔

خواجہ آصف نے ایک بار پھر چیئرمین تحریک انصاف کو نشانے پر رکھ لیا، سیالکوٹ میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا اس کا صرف ایک کام تھا منوں نوٹ وکھا میرا موڈ بنے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قیامت 9 مئی کو ٹوٹی جو چیئرمین پی ٹی آئی کے حکم پر ہوئی، شہداکی یادگاروں پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا۔

عمران خان کے گرفتاری سے بچنے اور اپنے جیل جانے کی داستان سناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اپنے سیاسی کیریئر میں چھ بار جیل میں گیا کبھی نہیں بھاگا، مشرف دور میں اٹک جیل کاٹی گھر پولیس آتی تھی گرفتار کرتی تھی آخری مرتبہ سڑک سے گرفتار کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب آپ کو اپنی عزت پیاری ہو تو پولیس کیساتھ آپ خود چلے جاتے ہیں، جب بھاگ جائیں تو پولیس گھر میں گھستی ہے پھر شکوہ نہیں بنتا، اپنی سیاست اور اپنے نظریات کیلیے گرفتاری دینی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس کی (عمران خان) کی بارہ بارہ اکٹھی ضمانتیں ہوتی ہیں میری ایک بھی نہ ہوسکی میں بھی اس ملک کا شہری ہوں، اب سر پر بالٹی رکھ کے پھرتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایک ماہ بعد الیکشن کا اعلان ہو جائے گا، مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، 2018 میں جو تجربہ کیا گیا اس نے معیشت کو تباہ کیا، چار سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے، پی ٹی آئی حکومت کا کوئی ایک منصوبہ بتائیں جو انھوں نے ملک کو دیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ماضی پر غور کریں سمجھ آجائے گا کہ ملک کیخلاف سازش کی گئی، سازش کے تحت نوازشریف کو ہٹایا گیا جبکہ شہبازشریف نےتمام پارٹیوں کو اکھٹا کرکے معیشت کو سہارا دیا، اتحاد کو بنائے رکھنے پر شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

Nawaz Sharif

imran khan

MAY 9 RIOTS