Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نریندر مودی کے بیرون ملک دوروں پر بھارت میں شدید تنقید

ہندوستان جلے یا ڈوبے، مودی کو بیرونی دوروں سے ہی فرصت نہیں ہے، عوام
شائع 16 جولائ 2023 10:32am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کے بیرون ملک دوروں پر شدید تنقید کی جارہی ہے سیاستدانوں اور عوام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے بعد ملک پانی میں ڈوبا ہے اور نسلی فسادات سے جل رہا ہے لیکن مودی کو بیرون ملک دوروں سے فرصت نہیں‌ مل رہی۔

بھارتی سیاستدانوں اور عوام کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی قیادت ملکی حالات سے بے خبر ہو کر بیرونی دورں میں مصروف ہے۔

ہندوستان میں سیلابی صورتحال ہے اور مودی فرانس اور عرب امارات کے دورے پر چلے گئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی فرانس کے دو روزہ دورے کے بعد گزشتہ روز دو روزہ دورے پر عرب امارات پہنچے تھے۔

بھارتی عوام کی جانب سے وزیر اعظم مودی کو ملک کے خراب حالات کے باوجود بلاوجہ بیرون ملک دورے کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ہندوستان جلے یا ڈوبے، مودی کو بیرونی دوروں سے ہی فرصت نہیں ہے۔

بھارتی شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو غیرملکی دوروں کی پڑی ہے انھیں چاہیے کہ پہلے بھارت کے مسئلے حل کریں پھر باہر کی فکر کریں۔

یادر ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے دورہ فرانس کے موقع پر یورپی پارلیمنٹ نے بھارت مخالف قرارداد منظور کی تھی جس میں بی جے پی کی قوم پرستی کی مذمت کی گئی تھی۔

یورپی پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ بھارت سے جب بھی بات چیت کی جائے، تو خصوصی طور پر انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کا خیال کیا جائے۔

بھارتی ریاست منی پور میں تشدد، جانی نقصان اور املاک کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے اپنی قرارداد میں کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ اراکین کی جانب سے قوم پرستانہ بیان بازی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

واضح رہے اندرون اور بیرون ملک تنقید کی زد میں رہنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 2014 سے اب تک 65 ممالک کے 71 دورے کر چکے ہیں۔

Narendra Modi

Jamu & Kashmir

Sikh Protest