Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بی جے پی نے کشمیر کو پاکستان کا حصہ تسلیم کرلیا، نقشے پر بھارت میں ہنگامہ

کانگریس نے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلطی نہیں بلکہ جرم ہے
شائع 15 جولائ 2023 08:05pm
تصویر: روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

بھارت آزاد کشمیر اور گلگت بلستان کو بھی اپنا حصہ قرار دیتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اپنے نقشوں میں مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ دکھاتا ہے۔ بی جے پی کے نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو تو بھارت کا حصہ ہی دکھایا گیا ہے جب کہ آزاد کشمیر کو پاکستان میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ وہی نقشہ ہے جو بین الاقوامی طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

دکن ہیرالڈ کے مطابق بی جے پی کی جانب سے جاری کردہ ایک اینیمیٹڈ ویڈیو نے حکمراں جماعت کو ایک ایسے موڑ پر لاکر کھڑا کردیا ہے، جہاں کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ نقشے میں بھارت کے علاقوں کو پاکستان اور چین میں دکھائے گئے، جس پربی جے پی علاقائی سالمیت پر ”حملے“ کے لیے معافی مانگے۔

ایک ٹویٹ میں کانگریس نے کہا کہ بی جے پی سے بڑا غدار کوئی نہیں ہے، مودی کی تعریف کرنے کے لیے ایک اینیمیشن ویڈیو میں بھارت کی علاقائی سالمیت سے سمجھوتہ کیا گیا اور اسے وائرل کر دیا۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ جب لوگوں نے ویڈیو پر اعتراض کیا تو وہ اسے ڈیلیٹ کرکے بھاگ گئے ساتھ معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلطی نہیں بلکہ جرم ہے۔

 اس نقشے کو بی جے پی کے متعدد سوشل میڈیا اکاونٹس سے ٹوئیٹ کیا گیا
اس نقشے کو بی جے پی کے متعدد سوشل میڈیا اکاونٹس سے ٹوئیٹ کیا گیا

اس معاملے پر پریس کانفرنس میں کانگریس کی سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی چیئرپرسن سُپریا شرینتے کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے متعدد رہنماؤں نے وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے والی اینیمیٹڈ ویڈیو ٹویٹ کی تھی، جس میں سِتم ظریفی یہ ہے کہ بھارت کے کچھ حصوں کو پاکستان اور چین کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

  سُپریا شرینتے
سُپریا شرینتے

سُپریا شرینتے نے کہا کہ جب یہ مسئلہ ایک تنازع میں تبدیل ہوا، تو ویڈیو کو بہت سے لوگوں نے اسے بعد میں حذف کردیا، بی جے پی کی ٹرول آرمی، اس کی جعلی خبریں بنانے والی فیکٹری اور ان کے لیڈر، جو قوم پرستی کے سرٹیفکیٹ لوگوں میں تقسیم کے لیے بہت بے چین ہیں انہوں نے ویڈیو ٹویٹ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ہماری علاقائی سالمیت پر حملہ نہیں اور ہماری خودمختاری پر حملہ ہے، اس نے بی جے پی کو بے نقاب کردیا ہے، یہ آپ کو بتاتا ہے کہ ان کے اصل مقاصد کیا ہیں۔

لوگوں نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ بھارت کے جو اہم علاقے ہیں جس کو وہ اپنا اٹوٹ انگ مانتا ہے، انہیں پاکستان اور چین کے ساتھ کیسے دکھائے گئے اور کچھ ہی دیر میں انہوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کردی لیکن چونکہ آپ نے ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا اور بھاگ گئے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم ایسے سوالات نہیں اٹھائیں گے جو اٹھائے جانے چاہئیں۔

Bharatiya Janata Party