Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملزم نوکری کے جھانسے میں ہائکنگ ٹریل پر لے گیا، قتل کی دھمکی دے کر ریپ کیا، متاثرہ خاتون

اسلام آباد میں ٹریل تھری پرخاتون کے ساتھ زیادتی کی تحقیقات جاری
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2023 11:23am
تصویر: پاکستان ہاٹ لائن ڈاٹ کام
تصویر: پاکستان ہاٹ لائن ڈاٹ کام

اسلام آبادمیں ٹریل تھری پرخاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر شیخو پورہ سے راولپنڈی بلایا گیا تھا۔

خاتون کو نعمان نامی شخص نے نوکری کا جھانسہ دیکر راولپنڈی بلایا تھا اورپھرسیرکے بہانے ٹریل تھری پرلے گیا جہاں اسے جنگل میں گن پوائنٹ پرجنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

دارالحکومت کے سب سے زیادہ مقبول اور پُرانے ٹریک پر پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق زیادتی کرنے والے کا دعویٰ تھا کہ وہ محکمہ تعلیم میں اکاؤنٹنٹ ہے اوراس کے پاس کچھ آسامیاں خالی ہیں جن پر وہ خاتون کو نوکری دلوا سکتا ہے۔

خاتون کے مطابق اس کام کیلئے ان سے 50 ہزار روپے رشوت مانگی گئی، وہ راولپنڈی آگئیں اور اس شخص کو اپنی سی وی اور 30 ہزارروپے دیے۔ بقیہ 20 ہزارتحریری حکمنامہ وصول کرنے پر ادا کیے جانے تھے۔ نعمان نے سینیئر افسر سے ملاقات کا بتاتے ہوئے کہا کہ وہ تمام امیدواروں کے انٹرویو لیں گے اور بغیر کسی اعتراض کے آپ کو منتخب کر لیں گے۔

خاتون نے بتایا کہ وہ 13 جولائی کو انہیں موٹرسائیکل پر بٹھا کراسلام آباد کے مشہور ہائیکنگ ٹریک ٹریل 3 لے آیا، یہاں سیاح بھی موجود ہوتے ہیں اور جنگلی حیات کی موجودگی کے باعث اس جگہ کا انتظام محکمۂ وائلڈ لائف کے پاس ہے۔

متاثرہ خاتون کے مطابق، ’اس شخص نے جنگل میں زبردستی گن پوائنٹ پر میرا ریپ کیا اور شور مچانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ میں ڈر کے مارے خاموش رہی اوراس نے ڈرا دھمکا کر مجھے واپس اتاردیا‘۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعت پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائکنگ ٹریل پر وائلڈ لائف سٹاف اوربےشمار کیمروں کا کیا کام ہے جو جانوروں کی مانیٹرنگ کے لیے لگائے گئے ہیں؟۔

کئی صارفین نے سوال اٹھایاکہ کیا اسلام آباد خواتین کے لیے ’نو گو ایریا‘ بن چکا ہے،

اس سے قبل فروری 2023 میں اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خاتون کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ کی پولیس نے درج کی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے ساتھی کے ساتھ شام کے اوقات میں ایف نائن پارک میں موجود تھیں جب 2 مسلح افراد نے انہیں گن پوائنٹ پر زدوکوب کیا اور خاتون کو پارک سے متصل جنگل میں لے جاکرزیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں ملزمان پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں۔

اسلام آباد

Rape

Hiking Trail 3