حکومت سندھ کے بنائے فلیٹ جعلسازوں نے سادہ لوح شہریوں کو بیچ دیئے
حکومت سندھ کی جانب سے نئی تعمیر شدہ لیبر کالونی کے فلیٹ جعلسازوں نے سادہ لوح شہریوں کو کروڑوں روپے کے عوض بیچ ڈالے۔
سکھر میں نئی تعمیر شدہ لیبر کالونی کے فلیٹوں کی غیر قانونی فروخت کا انکشاف ہوا ہے، جہاں جعلسازوں نے سادہ لوح عوام کو سستے داموں سرکاری فلیٹس دلوانے کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے بٹور لئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے لیبر کے لئے ایک ہزار سے زائد فلیٹ تعمیر کئے گئے تھے، فلیٹوں کی تقسیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلسازوں نے درجنوں سرکاری فلیٹس سستے داموں دینے کا جھانسہ دے کر جعلی الاٹمنٹ لیٹر کے ساتھ شہریوں کو فرخت کردیئے۔
رپورٹ کے مطابق شہریوں کو جعلسازوں کی جانب سے جعلی الاٹمنٹ لیٹر بھی دیئے گئے، تاہم کسی کو فلیٹ کا قبضہ نہ دیا گیا، اور کسی کو قبضہ ملا تو دوسرے روز لیبر ڈپارٹمنٹ نے قبضہ خالی کرالیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس جعلسازی میں علی مغل نامی شخص اور اس کی اہلیہ ملوث ہے، جو عوام کو سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اپنی تصاویر دکھاتا ہے، اور جب ہم نے اس سے اپنی رقم کی واپسی کا تقاضہ کیا تو ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سستے فلیٹس کے چکر میں غریب شہریوں نے اپنی تمام جمع پونجی گنوا دی ہے، اورلیبر ڈیپارٹمنٹ بھی اس گھناؤنے فعل میں خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ جعل ساز سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور انہیں سرکاری اہلکاروں کا مبینہ طور پر آشیرباد حاصل ہے۔ ہمارا حکومت سندھ سے مطالبہ ہے کہ ہماری جمع پونچی واپس کرائی جائے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت سعید غنی بھی فلیٹس کی تقسیم کے معاملے پر شکایات کا اعتراف کرچکے ہیں، جب کہ میئر سکھر ارسلان شیخ نے متاثرین کو انصاف دلوانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Comments are closed on this story.