Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے اضافہ، گھریلو صارفین کو 50 روپے یونٹ پڑے گی

کے الیکٹرک صارفین کے لئے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 44 پیسے کا اضافہ
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2023 11:46pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

وفاقی حکومت نے عوام پر ایک اور بجلی بم گرا دیا ہے، اور بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد متوسط طبقے کے بیشتر صارفین کو بجلی 50 روپے یونٹ پڑے گی۔

مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے ستائے ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بری خبر یہ ہے کہ نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 سے بڑھ کر 29 روپے 78 پیسے ہو جائے گی۔

نینشل الیکٹرک پاور ریگولیٹر اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، اور وفاقی حکومت کی جانب سے حتمی نوٹیفکیشن کے بعد قیمتوں کا نفاذ ہو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) شرائط کے تحت کیا گیا ہے۔

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ یکمشت کیا جائے یا مرحلہ وار، اس حوالے سے مشاورت کی گئی، تاہم فیصلہ ہوا کہ بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے کا یکمشت اضافہ کیا جائے گا۔

اضافے کے بعد ٹیرف کی فی یونٹ قیمت 24 روپے 82 پیسے بڑھ کر 29 روپے 78 پیسے ہوگئی ہے، اور ٹیکس اور سلیبس کے ساتھ اوسطاً فی یونٹ قیمت 50 روپے تک پہنچ جائے گی۔

کے الیکٹرک صارفین کو دہرا جھٹکا

شہر قائد کے بجلی صارفین کیلئے بری خبر یہ ہے کہ کے الیکٹرک کے بجلی صارفین کے لئے ایک ماہ کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 44 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

نیپرا اتھارٹی نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق قیمتوں میں اضافہ مئ کےماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

nepra

federal government

electricity price

Electricity Tariff