Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اگست 2023 میں معاملات نگراں حکومت کو سونپ دیں گے، وزیراعظم

زراعت کے لیے کسانوں کے لیے پیکج لارہے ہیں، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2023 11:08pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگست 2023 میں معاملات نگراں حکومت کوسونپ دیں گے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپریل 2022 کو ملک کی اہم ترین ذمہ داری سنبھالی تھی، اگست 2023 کو ہماری مدت پوری ہورہی ہے، اگست میں معاملات نگراں حکومت کوسونپ دیں گے، 15 ماہ میں 4 سال کی بربادی کا ملبہ صاف کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کی، سازشوں کے باوجود ملک کو بحرانوں سے نکالا، 15ماہ میں نا امیدی سے امیدی کی طرف سفر تھا، سب ختم ہوجانے سے کچھ حاصل ہونے کا سفر تھا، 15ماہ کا سفرعوام کو کچھ ریلیف فراہم کرنے کا سفر تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت محدود ترین مدت کی حکومت تھی، سازشوں کے باوجود ملک کو بحرانوں سے نکالا، سابق حکومت نے آئی ایم ایف شرائط توڑی، سابق حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے سابق حکومت کی ناپاک خواہشات کو مٹی میں ملایا، میں دوست ممالک کا خلوص دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، دوست ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا مشکورہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم قرض مانگ مانگ کر اپنی ساکھ مجروح کرچکے ہیں، ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے، ہم نے معاشی پروگرام ترتیب دے دیا ہے، بیرون ممالک سے سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہورہی ہیں، ہم اجتماعی دانش سے منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں گے۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی عالمی ریٹنگ بھی بہتر ہوئی ہے، پاکستانی روپے کی قدر میں بتدریج بہتری آرہی ہے، زراعت کے لیے کسانوں کے لیے پیکج لارہے ہیں، 80 ارب روپے کی لاگت سے نوجوانوں کے لیے پروگرام کا آغاز کیا ہے، بلاسود قرض اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ ہم کشکول توڑ دیں، ہمیں محتاجی کی زنجیریں توڑنا ہوں گی، محنت سے ہی محتاجی کی زنجیریں کاٹی جاسکتی ہیں، دعا کرتے ہیں کہ 9 مئی جیسا یوم سیاہ پھر نہ ہو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملک کو ترقی کی راہ پر لائے تھے، پھر ملک کو ترقی کی راہ پر لائیں گے، پہلے کی طرح مہنگائی کم کریں گے اور امن وامان بحال کریں گے، آئیں نفرتیں مٹائیں اور ایک ہوجائیں۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Address nation