Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر سندھ نامزد کردیا

وزیراعلیٰ سندھ جب خط لکھیں گے تو جواب دوں گا، اپوزیشن لیڈر سندھ
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2023 06:25pm
رکن صوبائی اسمبلی رعنا انصار
رکن صوبائی اسمبلی رعنا انصار

غیر موجودگی کے باعث پی ٹی آئی کے قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی ہونے کے بعد ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر سندھ نامزد کردیا جبکہ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اوروزرا کا اپوزیشن لیڈر پر بڑا شور ہے جب خط لکھیں گے تو جواب دوں گا۔

سندھ اسمبلی سے پی ٹی آئی کے ارکان کی غیرموجودگی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی ہے، جس پر ایم کیو ایم نے رعناانصار کو اپوزیشن لیڈر سندھ نامزد کر دیا ہے۔ رعنا انصار خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ رعنا انصار کو صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جب کہ علی خورشیدی ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کا وفد اس حوالے سے جلد جی ڈی اے سے ملاقات کرے گا، اور رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کی حمایت کی درخواست کی جائے گی۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے 21 اورجی ڈی اے 14 اراکین ہیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے وڈیو بیان جاری کیا ہے کہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ اوروزرا کا اپوزیشن لیڈر پر بڑا شور ہے، اور تبصرے کیے جارہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ تبصروں پرکوئی پابندی نہیں ہوتی، گزشتہ روز وزیراعلیٰ نے ٹی وی پر کچھ باتیں کی ہیں، وہ جب خط لکھیں گے تو ہم خط میں جواب دیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا بیٹھ کر بات کریں گے، وہ جب مشاورت کے لئے بلوائیں گے تو ہم پہنچ جائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نگرانی سیٹ اپ کے لئے وزیراعلیٰ اوراپوزیشن لیڈر کومشاورت کرنی ہوتی ہے، ہم ویلکم کرتے ہیں اگر وزیرا علیٰ خط لکھیں گے، ان سے کہتا ہوں آپ کی لیڈر شپ کی بھی جلا وطنی کی لمبی تفصیل ہے، ہم تو ملک میں موجود ہیں جب کہیں گے آجائیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ بتا دیں کہ ہم کتنے کیسز بنائے گئے، ہم عدالتوں میں جائیں گے، اگر ضمانت پر ہوئے یا جیل میں ہوئے مشاورت کیلیے ضرور آئیں گے، پی ٹی آئی آئین وقانون کی بالادستی کیلیے ضرور آگے بڑھے گی، اور اگر راجا ریاض جیسا اپوزیشن لیڈر چاہیے تو ان جیسے بہت اسمبلی میں موجود ہیں، اگر آپ چاہتے ہیں آئینی طریقے سے مشاورت ہو تو ہم تیارہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے لئے جو بھی پروسس ہے میں اس میں شامل ہونے کوتیار ہوں، ہم آئین کی بالادستی کے لئے کھڑے ہیں، میڈیا پر بات نہ کریں خط لکھیں ہم آپ کو جواب دیں گے۔

Sindh Assembly

MQM Pakistan

Parliamentary Leaders

Rana Ansar

Leader of Opposition Sindh