سیما کی بھارت میں موجودگی پر پاکستان نے نئی دہلی سے جواب مانگ لیا
پب جی پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد چار بچوں کے ہمراہ بھارت جانے والی سیما رند پر دفتر خارجہ کا بیان بھی سامنے آگیا۔ پاکستان نے سیما کی بھارت میں موجودگی پر نئی دہلی سے جواب مانگ لیا۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستان سے بھارت جانے والی سیما رند سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے سیما رند تک قونصلر رسائی مانگی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ بھارت سے سیما رند کی خیریت جاننے کی درخواست کی ہے، سیما رند کی وہاں موجودگی پر بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ سیما رند چار بچوں کی ماں ہے اور پب جی پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد چند روز قبل بذریعہ نیپال بھارت چلی گئی تھی۔
سیما ان دنوں نئی دہلی سے 90 کلو میٹردور ربو پورا گاؤں میں اپنے 4 بچوں کے ساتھ سچن کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ ابتدائی طور پر پولیس نے سیما اور سچن کو گرفتار کیا تھا لیکن اب وہ ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں۔
رہائی کے بعد سے سیما اور سچن اپنی محبت کی کہانی میڈیا والوں کے سامنے دہراتے ہوئے ان کے سوالات کے جوابات دیتے ٹی وی اور سوشل میڈیا پر دکھائی دیتے ہیں۔
ایک اور انٹرویو میں سیما کو گلے میں ’رادھے رادھے‘ کا اسکارف اور منگل سوتر، ہاتھ میں سرخ چوڑیاں اور ماتھے پر لال بندیا سجائے دیکھا گیا یعنی کہ وہ ہندو مذہب کو ظاہری طور بھی اپنا چکی ہے۔
اسرائیل سے متعلق بیان
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں اسرائیل اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھی صحافیوں کو حقائق سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کےخلاف اسرائیل نے سیاسی بنیادوں پر بیان دیا، اسرائیل کو انسانی حقوق پر اپنی پالیسی درست کرنی چاہئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان حقوق کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، آج یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے، 13جولائی1931 کو ڈوگرا فورسز نے 22 مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ذمہ داری افغان حکومت کی ہے، دہشت گردی سمیت تمام معاملات پر افغان حکومت سے رابطے میں ہیں۔
Comments are closed on this story.