Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

عدم پیشی پر عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے تین مقدمات میں عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2023 04:59pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے تین مقدمات میں عدم پیشی پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کے تین مقدمات کا ٹرائل کا آغاز ہوگیا ہے، اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

سربراہ تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

عدالت نے کیسز کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی 2 ہفتوں کیلئے حفاظتی ضمانت طلب منظور

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 2 ہفتوں کے لیے حفاظتی ضمانت طلب منظور کرلی۔

چیئرمین تحریک انصاف راولپنڈی میں نامزد مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔

چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا ہے کہ متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جائے، حالات پہلے سے بھی زیادہ مختلف ہوگئے ہیں، ماتحت عدالتوں میں سیکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش نہیں، آج بھی سیشن عدالت میں دو افراد قتل ہوئے ہیں، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سیکیورٹی اچھی وہاں پیش ہوتے ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو راولپنڈی کے مقدمے میں ملزم نامزد کر دیا گیا ہے، چیئرمین تحریک انصاف کو نو مئی ہنگامہ آرائی کیس میں نامزد کیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر اعانت جرم کا الزام لگایا گیا ہے،چیئرمین تحریک انصاف پر روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، مقدمے کی تحقیقات میں پیش ہونا چاہتے ہیں،عدالت دفتری اعتراض ختم کر کے حفاظتی ضمانت منظور کرئے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کی 2 ہفتوں تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔