Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم کی 3 درجے ترقی

اسٹیو اسمتھ 2 درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے
شائع 12 جولائ 2023 08:08pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ میں پاکستانی کپتان بابراعظم نے 3 درجے ترقی پاکر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کے بلے بازوں میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جب کہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے درجے ترقی پاکر تیسری پوزیشن سنبھال لی ہے، اور ایک عرصے تک پہلی پوزیشن پر براجمان رہنے والے آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیو اسمتھ دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پردھکیل دیئے گئے ہیں۔

ٹیسٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے مارنس لیبوشگن، انگلینڈ کے جوئے روٹ چھٹے، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ساتویں، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل آٹھویں، سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے نویں اور بھارت کے رشبھ پنت دسویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ کے بولرز میں بھارت کے ایشون پہلے نمبر پر براجمان ہیں، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز دوسرے، جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا تیسرے، انگلینڈ کے مایہ ناز بولر جیمز انڈرسن چوتھے، اور پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ کے مطابق بولرز میں چھٹے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ موجود ہیں، جب کہ ساتویں نمبر پر انہی کے ہم وطن اولی رابنسن، آٹھویں نمبر پر آسٹریلیا کے نیتھن لیون، نویں اور دسویں نمبر پر بھارت کے جسپریت بھمرا اور رویندر جڈیجہ براجمان ہیں۔

babar azam

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)

icc test ranking player