Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یو اے ای نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں 1 ارب ڈالرز جمع کرادیئے، وزیرخزانہ کی تصدیق

پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی قیاس آرائیاں قدرتی موت مرگئیں، وزیرخزانہ
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2023 08:15pm

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاونٹ میں 1 ارب ڈالر جمع کرادیئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ یو اے ای نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں 1 ارب ڈالرز جمع کرادیئے ہیں، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی، ہمارا ہدف جولائی کے آخر تک ذرمبادلہ ذخائر15 ارب ڈالرز تک کرنے کا ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 2 دن میں 3 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے، پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی قیاس آرائیاں قدرتی موت مرگئیں، ہر آنے والا دن پاکستان کے لیے بہتر ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان قائد اعظم کے خواب والا اپنا مقام ضرور حاصل کرے گا، پاکستان اپنی اصل منزل کی راہ پر گامزن ہے۔

اپنے بھائی یو اے ای کےصدر محمد بن زید کا شکرگزار ہوں، وزیراعظم

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے اسٹیٹ بینک آف میں ایک ارب ڈالر جمع کرانے پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے بھائی یو اے ای کےصدر محمد بن زید کا شکرگزار ہوں، عرب امارات ایک برادر ملک کی حیثیت سے ہمیشہ پاکستان کے ہرمشکل وقت میں آگے آیا اور تعاون کیا، ہم اس مہربانی کا تہہ دل سے اعتراف کرتے ہیں اور اسے معیشت کو مستحکم کرنے کی ہماری کوششوں کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈیپازٹ کردیئے

گزشتہ روز سعودی عرب نے بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاونٹ میں 2 ارب ڈالرز ڈیپازٹ کرائے تھے، جس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے بھی سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی جانب جائیں گے، پاکستانی معیشت پہلے سے بہتر ہے، اس میں مزید استحکام آئے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے ایک فنانسنگ منصوبہ پیش کیا جس میں عالمی قرض دہندہ کو مطلع کیا گیا ہے کہ حکومت بیرونی ادائیگیوں کے لیے 6 ارب ڈالر کے بجائے 8 ارب ڈالر کا بندوبست کرے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے بیرونی ادائیگیوں کے لیے 6 ارب ڈالر کی یقین دہانی مانگی تھی۔ تاہم، پاکستان نے آئی ایم ایف کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے 8 بلین ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ چین پاکستان کو 3.5 بلین ڈالر فراہم کرے گا جس میں سے اسلام آباد دو بلین ڈالر ڈپازٹ میں رکھے گا، جب کہ بیجنگ کے کمرشل بینک ملک کو 1.5 بلین ڈالر فراہم کریں گے۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار کے پلان کے مطابق پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کرنی تھی۔

Ishaq Dar

State Bank Of pakistan