Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جھنگ کے 40 دیہات میں پانی داخل، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب

بورےوالا: دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، مکینوں کے انخلا کیلئے اعلانات
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2023 03:34pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی آمد 63 ہزار 300 کیوسک اور اخراج بھی اتنا ہی ہے جبکہ جھنگ کے 40 دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔

بھارت کی آبی جارحیت کے بعد پاکستان کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری، دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کی سطح بلند ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 48 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔

بورےوالا میں دریائےستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہورہی ہے، قریبی دیہاتوں اور آبادیوں سے مکینوں کے انخلا کے لیے اعلانات کیے گئے۔

سیلاب کے باعث ساہوکا، داد جملیرا سمیت متعدد علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے۔

دوسری طرف ہیڈ بلوکی کے مقام پر سیلابی پانی کے بہاؤ میں رات سے اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ ایریگیشن کی امدادی ٹیمیں ہیڈورکس پر موجود ہیں ۔

پی ڈی ایم اے

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی آمد 63 ہزار 300 کیوسک اور اخراج بھی اتنا ہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج کے مقام پر پانی کی آمد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، دریا سے منسلک چند دیہات زیر آب آئے ہیں، انتظامیہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ راوی سمیت دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، پنجاب میں تمام تر صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

محسن نقوی کا دورہ

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جھنگ کا دورہ کیا اور دریا کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ تقریبا 40 دیہات میں پانی داخل ہوگیا ہے، کوشش ہے کہ مقامی آبادی کو سیلاب سے بچایا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ متاثرین کیلئے کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

اس سے قبل نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی صورتحال کا جائزہ لینے قصور پہنچے ۔ تلوار پوسٹ کے فلڈ ریلیف کیمپ آور گنڈا سنگھ والا بارڈر کا دورہ کیا۔

محسن نقوی نے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے دریائے ستلج کے بیڈ میں موجود آبادیوں کے فوری انخلا کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی آمد و اخراج سے تمام متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے۔ ستلج کے بیڈ میں آبادیوں میں موجود لوگوں کا انخلاء پہلی ترجیح ہے۔ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے سے ستلج کے اردگرد اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے سیلابی پانی میں ڈوبنے والے بچے کی زندگی بچانے پر ڈی پی او قصور، اسٹنٹ کمشنر اور ایس ایچ او کو شاباش دی۔

محسن نقوی نے فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود عملے سے ملاقات بھی کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی کو دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔