Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گاڑیوں کے شوروم میں ’شوآف‘ کرکے ویڈیو بنانے والا گرفتار

سیلزگرل کو کافی کیلئے نوٹوں کی گڈی پکڑادی، ویڈیو عوامی مفادات کیلئے نقصان دہ قرار
شائع 10 جولائ 2023 02:25pm
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

متحدہ عرب امارات میں محکمہ برائے الیکٹرانک کرائم اور افواہ نے عوامی مفادات کے لیے نقصان دہ ویڈیو بنانے اور اسے شیئرکرنے والے شخص کوگرفتار کرلیا۔

متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے ’وام‘ کی رپورٹ میں گرفتارکیے جانے والے شخص کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق رائے عامہ متاثر کرنے والی اس ویڈیو میں مذکورہ شخص کچھ ایسی حرکات کرتا نظرآرہا ہے جو اماراتی شہریوں کی ساکھ کو ناشائستہ اورمضحکہ خیز بنانے کی کوشش نظرآتی ہیں۔

ویڈیو میں عرب امارات کے قومی لباس میں ملبوس ایک شخص کو لگژری گاڑیوں کے شوروم میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہےجہاں وہ خاتون ملازم کو مخاطب کرکے پوچھتا ہے کہ اس شوروم کا مینیجر کہاں ہے؟ ۔

خواتین کے بتانے پر جواب میں وہ شخص اسے نوٹوں کی گڈی تھماتے ہوئے کہتا ہے، ’اس کی کافی پی لینا‘۔

اس کے بعد وہی شخص شوروم کے مالک سے گفتگو میں خاصی ’اکڑ‘ کے ساتھ شو روم میں موجود مہنگی ترین گاڑی کی قیمت پوچھتا ہے ۔ 22 لاکھ درہم کی قیمت سُننےکے بعد شیخی بھرے جواب میں اس کا کہنا ہے کہ ، ’کچھ اور دکھائیں یہ تو میرا ڈرائیور چلائے گا‘۔

یہی نہیں اس ویڈیو میں شوروم کا رعونت بھرا دورہ کرنے والے کے ہمراہ 2 لوگ بظاہر نوٹوں کی گڈیاں اٹھائے گھومتے نظرآرہے ہیں۔

اٹارنی جنرل آفس کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق ویڈیو متحدہ عرب امارات کے مروجہ سوشل میڈیا اخلاقیات سے متصادم ور معاشرے کیلئے تکلیف دہ ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مذکورہ شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ اس حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے شوروم مالک کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

پبلک پراسیکیوشن نے متحدہ عرب امارات کے سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ وہ مواد پوسٹ کرتے وقت قانونی اور اخلاقی ضوابط کی لازمی پابندی کریں۔

UAE

Video

Car Showroom