Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق اطالوی وزیراعظم انتقال سے قبل گرل فرینڈ کیلئے 29 ارب سے زائد چھوڑ گئے

سلویو بلسکونی نے بسترمرگ پر 33 سالہ گرل فرینڈ مارٹا فاسینا کا حوالہ بطور بیوی دیا
شائع 10 جولائ 2023 12:36pm
تصویر: دی گارڈین
تصویر: دی گارڈین

سابق اطالوی وزیراعظم سلویو برلسکونی اپنی وصیت میں 33 سالہ گرل فرینڈ مارٹا فاسینا کے لیے 10 کروڑ یورو چھوڑگئے ہیں۔ تین مرتبہ اطالوی وزیر اعظم رہنے والے سلویوبرلسکونی کی دول کا تخمینہ 6 ارب یورو سے زائد ہے۔

فاسینا نے مارچ 2020 میں برلسکونی کے ساتھ تعلقات کا آغاز کیا تھا۔ اگرچہ دونوں نے شادی نہیں کی تھی لیکن اطالوی وزیراعظم نے بسترمرگ پر گرل فرینڈ کا حوالہ بطور ’ بیوی’ دیا تھا۔

وصیت میں گرل فرینڈ کیلئے لکھی گئی رقم پاکستانی روپوں میں 29ارب 86 کروڑ 54 لاکھ 19 ہزار 490 روپے بنتی ہے۔

مارٹا فاسینا 2018 کے عام انتخابات کے بعد سے اطالوی پارلیمان کے ایوان زیریں کی رکن ہیں۔ وہ فورزا اطالیہ کی رکن ہیں جس کی بنیاد مسٹر برلسکونی نے 1994 میں رکھی تھی جب انہوں نے پہلی بار سیاست میں قدم رکھا تھا۔

سلویو برلسکونی کی کاروباری سلطنت ان کے دو بڑے بچوں مرینا اور پیئر سلویو کے کنٹرول میں ہوگی جو جو پہلے ہی کاروبار میں ایگزیکٹو کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ سلویو برلسکونی نے اپنے بھائی پاؤلو کے لیے 100 ملین یوروز اور اپنی فورزا اٹالیہ پارٹی کے سابق سینیٹرمارسیلو ڈیل اوٹری کیلئے 30 ملین یورو بھی چھوڑے ہیں جنہوں نے مافیا کے ساتھ تعلق کے الزام میں جیل کی سزا کاٹی تھی۔

برلسکونی جو کئی دہائیوں تک اطالوی عوامی زندگی پر ارب پتی میڈیا موگل، بزنس مین اور وزیر اعظم کی حیثیت سے چھائے رہے، 12 جون کو 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

انہیں میلان کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا کیونکہ ان کے معاونین کا کہنا تھا کہ ان کے لیوکیمیا سے متعلق پہلے سے طے شدہ ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

منگل کے روز ان کے پانچ بچوں اور دیگر گواہوں کی موجودگی میں ان کی وصیت پڑھ کر سنائی گئی۔

واضح رہے کہ برلسکونی نے اٹلی کے وزیر اعظم کی حیثیت سے تین مرتبہ خدمات انجام دیں اور ٹیکس فراڈ کے الزام میں سزا پانے کے بعد ان پر چھ سال کے لیے سیاست سے پابندی عائد کردی گئی تھی۔

لیوکیمیا کی تشخیص کے باوجود وہ وزیراعظم جارجیا میلونی کی دائیں بازو کی حکومت میں سینیٹر اور شراکت دار کی حیثیت سے سیاست میں آخرتک سرگرم رہے۔

انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ ترحصہ قانونی کارروائی کا سامنا کرتے گزارا، ان کی بدنام زمانہ ”بنگا بنگا“ سیکس پارٹیوں سے متعلق مقدمات، جن میں کم عمر لڑکیاں بھی شامل تھیں، فروری 2023 میں ختم ہوئے۔ انہیں صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا تھا لیکن انہوں نے ظاہری حلیے پرکبھی سمجھوتہ نہ کیا اور ہمیشہ بہترین لباس زیب تن کیے ۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد سلویو برلسکونی کو ستمبر 2020 میں 11 روز کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور انہوں نے اس وقت کو ”زندگی کا سب سے مشکل امتحان“ قرار دیا تھا۔ اپریل 2023 میں ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ وہ لیوکیمیا اور پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا اور انتہائی نگہداشت میں تھے۔

Silvio Berlusconi

Ex Italian PM