Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

احسن اقبال کے بیان پر شاہ محمود قریشی کا رد عمل

احسن اقبال کا سی پیک سے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ ہے، شاہ محمودقریشی
شائع 09 جولائ 2023 04:27pm

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کا سی پیک سے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔

ہفتے کے روز جیو نیوز پر سلیم صافی سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے دعویٰ کیا تھا کہ چین نے 2018 میں اسٹیبلشمنٹ کو ’سفارتی انداز میں‘ پیغام دیا تھا کہ ’کسی بھی نئے تجربے سے گریز کریں کیونکہ اس سے سی پیک پٹڑی سے اتر جائے گا۔‘

احسن اقبال کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے احسن اقبال کا بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے، یہ بات کہ ہمارا آئرن برادر ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے گا، حیران کن اور توہین آمیز ہے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سی پیک کو آگے لے جانے پر ہمیشہ مضبوط اتفاق رائے رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں ہم نے اپنی حکومت کے تحت سی پیک سے پاکستان کے عزم کو مزید گہرا کرتے ہوئے بہت سے منصوبوں کو کامیابی کے ساتھ شروع کیا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہمارے دور میں گوادر انڈسٹریل زون کو وسعت دے کر فعال کیا گیا، فیصل آباد رشکئی انڈسٹریل زونز کو آپریشنل کر دیا گیا، دھابیجی انڈسٹریل زون کو حتمی شکل دی گئی، جو زیر تعمیر ہے، آئی ٹی سائنس، ٹیکنالوجی اور زراعت ان تین نئے مشترکہ ورکنگ گروپس پر بات چیت کی اور سی پیک کے فیز 2 میں شامل کیا گیا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں زیر تعمیر تمام پاور پلانٹس مکمل کیے گئے، بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مکمل کیے اور ٹرانسمیشن پروجیکٹ شامل کیے گئے، اس کے علاوہ ہائی وے کے مزید کئی کلو میٹرز کی تعمیر ہماری حکومت میں مکمل ہوئی، جب کہ مغربی صف بندی کو حتمی شکل دی گئی، اور کام میں تیزی آئی۔

Ahsan Iqbal

Shah Mehmood Qureshi

PTI government

pti chairman