Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تیس پاروں کیلئے 30 کمرے۔ قرآنی مصحف کی وائرل ویڈیو درحقیقت کہاں کی ہے

سوشل میڈیا پر ویڈیو کو ازبکستان سے غلط منسوب کیا گیا
شائع 08 جولائ 2023 06:37pm
مصر مسجد کے ایک کمرے میں دیواروں پر کنندہ قرآنی اوراق۔ ہر کمرے میں ایک پارہ کنندہ کیا گیا ہے۔
مصر مسجد کے ایک کمرے میں دیواروں پر کنندہ قرآنی اوراق۔ ہر کمرے میں ایک پارہ کنندہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر جمعہ سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک عمارت میں متعدد کمرے دکھائی دیتے ہیں اور ان کمروں کی دیواروں پر قرآن پاک کی سورتیں کنندہ ہیں۔

یہ ویڈیو کئی سوشل میڈیا صارفین نے یوٹیوب اور ٹوئٹر پر شائع کی اور اس کے ساتھ تحریر کیا کہ یہ قرانی مصحف ازبکستان کے تاریخی شہر بخارا میں ہے۔

تاہم ”آج نیوز“ کے فیکٹ چیک پر معلوم ہوا کہ جہاں ویڈیو اپنی جگہ حقیقی ہے وہیں اسے غلط طور پر ازبکستان سے جوڑا جا رہا ہے۔ یہ ویڈیو مصر کی ایک عظیم الشان اور نئی مسجد کی ہے جسے قاہرہ کے نئے انتظامی دارالحکومت ( العاصمة الإدارية الجديدة) نامی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے۔

اسے ’مصر مسجد‘ کہا جاتا ہے جب کہ اس کا سرکاری نام اسلامی ثقافتی مرکز ہے اور اس میں ایک لاکھ سے زائد افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔

مصری اخبار موطنی کے مطابق یہ صرف مسجد ہی نہیں بلکہ آرکیٹکچر اور تعمیرات کا عظیم نمونہ بھی ہے.

مصر مسجد کے پاس اس کے علاوہ بھی دو گینز ریکارڈ ہیں۔

وائرل ویڈیو میں کیا ہے

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے ابتدا میں بھی ویڈیو بنانے والا شخص مصر مسجد کا ذکر کر رہا ہے تاہم بیشتر پاکستانی صارفین نے اس کے باوجود ویڈیو کا تعلق ازبکستان سے جوڑا۔

ایک منٹ 42 سیکنڈ کا کلپ کسی بڑی ویڈیو کا ایک حصہ ہے۔ ویڈیو بنانے والا شخص کمروں میں جاتا ہے جہاں دیواروں پر قرآن پاک کی سورتیں کندہ ہیں۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مسجد میں 30 گیلریز بنائی گئی ہیں جن میں ہر ایک میں دیواروں پر ایک پارہ کنندہ ہے۔ یہ گیلریز سورۃ فاتحہ سے شروع ہوتی ہیں اور سورۃ الناس پر ختم ہوتی ہیں۔

مصری  صدر السیسی کو بریفنگ دی جا رہی ہے۔
مصری صدر السیسی کو بریفنگ دی جا رہی ہے۔

رواں برس رمضان کی یکم تاریخ یعنی 23 مارچ کو مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے سحری کے موقع پر اس مسجد کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہیں یہاں بریفنگ دی گئی اور اس بریفنگ کی تصاویر مصری ذرائع ابلاغ نے نمایاں طور پر شائع کیں۔

مصر مسجد کے عالمی ریکارڈ

مصر کے انگریزی اخبار Egypt Independent کے مطابق اس مسجد کو پہلے ہی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے سرٹیفکیٹ مل چکے ہیں۔

یہاں دنیا کا سب سے بڑا منبر موجود ہے جس کی اونچائی 16.6 میٹر یعنی 54 فٹ ہے۔ یہ منبر لکڑی کا بنا ہے اور اسے مکمل طور پر ہاتھ سے بنایا گیا ہے۔

مسجد کا ایک اور ریکارڈ یہ ہے کہ اس میں دنیا کا سب سے بڑا فانوس آویزاں ہے جس کا وزن 50 ٹن ہے۔ اس کا قطر 22 میٹر پر پھیلا ہے۔ یہ فانوسن چار منزلہ ہے۔

 اسلامی ثقافتی مرکز مجموعی طور پر 19 ہزار گز پر پھیلا ہے
اسلامی ثقافتی مرکز مجموعی طور پر 19 ہزار گز پر پھیلا ہے

مصر مسجد پر مبنی اسلامی ثقافتی مرکز مجموعی طور پر 19 ہزار گز پر پھیلا ہے۔ اس میں گاڑیاں کھڑی کرنے کے لیے کئی منزلہ پارکنگ ہے جہاں 4 ہزار کاریں سما سکتی ہیں۔

Viral Video

Fact Check

Msr Mosque

Quran 30 rooms

Quranic inscriptions