Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لڑکی کو ہراساں کرنیوالے ملزم کو پکڑنے میں مدد پرانعام کا اعلان، پولیس کا جلد گرفتار کرنے کا دعوٰی

اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، 2 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، پولیس
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2023 05:29pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

کراچی پولیس نے گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کی گرفتاری میں مدد کرنے والے کیلئے انعام کا اعلان کردیا جبکہ ایس ایس پی ایسٹ نے ملزم کو جلد گرفتارکرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں چند روز قبل راہ چلتی لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس میں ایک شخص نے لڑکی کو پکڑنے کی کوشش کی تھی لیکن مزاحمت کے بعد لڑکی اوباش نوجوان کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

پولیس کی جانب سے لڑکے کی گرفتاری میں مدد کرنے والے کیلئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ گرفتاری میں مدد کرنے والے کو 2 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

پولیس نے مزید کہا کہ ملزم پکڑنے میں مدد فراہم کرنے کے لئے اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

چند دنوں میں شاطر ملزم قانون کی گرفت میں ہوگا، ایس ایس پی ایسٹ کا دعوٰی

پولیس حکام کے مطابق ایس پی گلشن اقبال عزیر احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم باریک بینی سے تفتیش کر رہی ہے، جبکہ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی دھندلی تصویر حاصل کر لی گئی ہے۔

حکام نے کہا کہ تصویر میں ملزم کا ماسک نیچے ہونے کے باعث شکل و صورت پہچانی جاسکتی ہے، تصویر شناسی کے لئے تکنیکی مہارت کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کا کہنا ہے کہ سافٹ وئر کے ذریعے ملزم کی شناخت ممکن ہے، جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کرائی گئی ہے جلد رپورٹ مرتب کرلی جائے گے۔

زبیر شیخ نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ کے اطراف کے کئی افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، آئندہ چند دنوں میں شاطر ملزم قانون کی گرفت میں ہوگا۔

Karachi Police

Karachi Street Crimes

rape attempt