Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، مزید کی پیشگوئی

پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2023 03:12pm
تصویر: بزنس ریکارڈر
تصویر: بزنس ریکارڈر

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور شہر کا موسم قدرے خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی مزید بادل برسنے کا امکان ہے، جبکہ نشیبی علاقے زیر آب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ مون سون سے اب تک 67 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

کراچی کی بارش

نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، یاسین آباد اور گردونواح میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

کراچی میں موسم ابر آلود ہے شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم گرمی بھی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، آٹھ کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

انتظامی صورت حال خراب

دوسری جانب کراچی میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود نالوں کی صفائی نہ ہوسکی۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی سست روی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

کراچی میں پاک کالونی، گجر، لیاقت آباد، محمود آباد سمیت 41 بڑےاور 518 چھوٹے نالے ہیں،جن میں سے بیشتر میں اب تک کچرے کے ڈھیر موجود ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گندگی بدبو اورتعفن سے جینا محال ہوگیا ہے۔

مزید بارشوں کی پیش گوئی

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں سات سے گیارہ جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کررکھی ہے۔

کراچی کے علاوہ لاڑکانہ، دادو، سبی، ڈھاڈر اور لاہور سمیت سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا، نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ اور میر پور خاص سمیت سندھ میں آج موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش قصور میں 125 ملی میٹر اور سبی میں 78 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ مون سون سے اب تک 67 افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے ہیں، ملک بھر میں 77 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

لاہور میں بھی دوروز قبل ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش کے بعد ایک بار پھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب و بلوچستان اور سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بادل برسیں گے۔

سیف الملوک پر برفباری

سیاحتی مقام جھیل سیف الملوک پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ناران کاغان اور بالاکوٹ میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ہے۔

بابوسر ٹاپ پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے اور شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

چٹہ کھٹہ اور دیگرمقامات دریاؤں میں پانی کا بہاؤ کم ہوگیا۔

karachi weather

Met Office

Rain

rain in karachi

Lahore Rains

rain in punjab