Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مولانا فضل الرحمان کی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے گھر آمد

ملاقات میں اہم سیاسی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
شائع 07 جولائ 2023 11:50pm

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جب کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے گھر جاکر ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود، خرم پرویز راجہ اور شاہ رخ راجہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں اہم سیاسی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے گزشتہ دنوں پیش آنے والے حادثے سے متعلق خیریت دریافت کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، سابق حکومت نے ملک کو بحرانوں سے دو چار کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ حکومت نے ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

Molana Fazal ur Rehman

Raja Pervaiz Ashraf