وزیراعظم کا تودے تلے دب کر جاں بحق بچوں کے اہلخانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے ضلع شانگلہ میں تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
تودہ گرنے سے زخمی ہونے والے شخص کو بھی وزیراعظم کی طرف سے مالی امداد دی جائے گی۔
وزیراعظم نے مالی امداد کا اعلان اپنے مشیر اور خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام کی درخواست پر کیا۔
انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو خط لکھ کر مارتونگ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لیے امداد کی اپیل کی تھی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے انجینئر امیرمقام کو متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے تعزیت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں کے نام اپنے پیغام میں میں کہا ہے کہ وہ ان ( متاثرہ خاندانوں ) کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ضلع شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے بچوں پر پہاڑی تودہ آگرا تھا جس کے نیچے دب کر 8 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
Comments are closed on this story.