Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹوئٹر کی تھریڈز کیخلاف مقدمے کی دھمکی، ’ہمارے سابقہ ملازمین رکھ کر کاروباری رازچرائے‘

''مسابقت ٹھیک ہے لیکن دھوکہ دینا ٹھیک نہیں' ایلون مسک کی ٹویٹ
شائع 07 جولائ 2023 09:31am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے میٹا کی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز کی لانچ پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی دے دی۔

ٹوئٹر نے میٹا کو تھریڈز لانچ کرنے پر بھیجے جانے والے دھمکی آمیز خط میں مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ٹوئٹر کے وکیل ایلکس سپیرو کی جانب سے بھیجے جانے والے اس خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ میٹا نے ٹوئٹر کے سابق ملازمین کی خدمات حاصل کیں جن کے پاس کمپنی کی خفیہ معلومات اورتجارتی راز تھے۔

خط بھجوانے کے علاوہ ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں بھی لکھا، مسابقت تو ٹھیک ہے لیکن دھوکہ دینا ٹھیک نہیں ہے’۔

جمعرات 6 جولائی کو لانچ کی جانے والی اس نئی سوشل میڈیا ایپ پر ایک دن میں ہی 3 کروڑ سے زائد صارفین اکاؤنٹ بناچکے ہیں۔

سپیرو نے خط میں لکھا کہ ٹوئٹر کو شدید خدشات ہیں کہ میٹا ٹوئٹر کے تجارتی رازوں اور دیگر دانشورانہ املاک کے منظم، دانستہ اور غیر قانونی غلط استعمال میں ملوث ہے۔

خط کے متن کے مطابق ، ’ٹوئٹر اپنے ملکیتی حقوق سختی سے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ، اورمطالبہ کرتا ہے کہ میٹا کسی بھی ٹویٹر تجارتی راز یا دیگر انتہائی خفیہ معلومات کے استعمال کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے‘۔

میٹ ترجمان نے تھریڈز پراپنی پوسٹ میں کہا کہ اُن کی انجینیئرنگ ٹیم میں ٹوئٹرکا کوئی سابق اہلکارشامل نہیں ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر کے ایک سابق اہلکارنے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کسی سابق ساتھی کے تھریڈز کے لیے کام کرنے یا میٹا کا حصہ ہونے سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔

اس سے قبل ایلون مسک نے حریف کمپنی کی ایپ ’ تھریڈز’ ہونے کے بعد کی جانے والی ٹویٹ میں اسے ’کاپی پیسٹ‘ قرار دیا تھا۔

ٹویٹر

Elon Musk

Mark Zuckerberg

meta

Threads