Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سوئیڈن واقعے پر پارلیمنٹ میں مذمتی قرارداد منظور، اسٹاک ہوم کو جواب دینا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

سویڈن حکومت کی مذمت کافی نہیں، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 06 جولائ 2023 10:02pm
فوٹو: ٹویٹر
فوٹو: ٹویٹر

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیرانسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف تحریک پیش کی، جب کہ مرتضی جاویدعباسی نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیرصدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر بحث کے لئے تحریک پیش کی گئی۔ تحریک وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے پیش کی۔

مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی قرار داد بھی پیش کی گئی، وزیرپارلیمانی امورمرتضی جاویدعباسی نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ جب کہ مشترکہ اجلاس کی کارروائی 25 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

مذمتی قرار داد کا متن

قرارداد کے متن میں ہے کہ ایوان اس واقعے کی مذمت کرتا ہے، واقعات کی روک تھام کے لئے عالمی برادری کی توجہ چاہتے ہیں، عالمی برادری بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اقدامات کرے۔

وزیراعظم کا مشترکہ اجلاس سے خطاب

پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سوئیڈن واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہے، سوئیڈن واقعہ پر دنیا میں بسنے والے تمام مسلمان دکھی ہیں، ایسی مذموم حرکتوں کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ کوئی بھی ہم پر انگلی نہ اٹھائے، اسلام کے خلاف جان بوجھ کر آگ بھڑکائی جارہی ہے، اور دنیا میں مسلمان اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کل ہم سب مل کر بھرپور احتجاج کریں گے، نماز جمعہ کے بعد سب مل کر یکجہتی کا اظہارکریں، ہم نے یک زباں ہو کر سوئیڈن واقعہ کی مذمت کرنی ہے، ہم واقعہ کےخلاف بھرپورآوازاٹھائیں گے، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کام کررہےہیں، ہمار دفترخارجہ بھی بھرپور کردارادا کر رہا ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن حکومت کی مذمت کافی نہیں، سویڈن حکومت کو واقعہ کا ہر صورت جواب دینا ہوگا، آج پاس ہونے والی قرارداد سویڈن حکومت اور پوری دنیا کو پہنچاؤں گا، پاپ فرانسس نے بھی اس مذموم حرکت سےلاتعلقی کااعلان کیا ہے، امید ہے آج کے بعد ایسی مذموم حرکتیں بند ہوں گی۔

پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کی سویڈن واقعے پر مذمت

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کا کہنا تھا کہ سوئیڈن واقعہ کی بھرپور مذمت کرتےہیں، ہمیں ایسےاقدام اٹھانا ہوں گے کہ کوئی بے حرمتی کا سوچ بھی نہ سکے، جمعہ کو پوری قوم مل کر احتجاج کرے گی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آج کی قرارداد صرف سویڈن حکومت تک نہیں ہر فورم تک پہنچائی جائے، پوری دنیا کو پتاچلنا چاہئےکہ مسلمان بےحرمتی برداشت نہیں کرتے، اسلام میں دیگر مذاہب کا بے حد احترام ہے، سویڈن حکومت اس ناپاک حرکت میں ملوث شخص کو سخت سے سخت سزا دے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کا خطاب

پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ آج کی بحث ہر قسم کی تفریق سے بالاتر ہے، ہماری ایک شناخت ہمارا دین اور ہمارا مسلمان ہونا ہے۔

شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ سویڈن میں انتہائی شرمناک مثال ہم نے دیکھی، اور اس حرکت کی پوری دنیا میں شدید مذمت ہوئی ہے، او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھی بھرپورمذمت کی گئی۔

Shehbaz Sharif

Parliment

DESECRATION OF THE HOLY QURAN IN SWEDEN