Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد: نومولود بچی کے معذور ہونے کے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ آگئی، سنگین انکشافات

اسلام اباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی اسپتال کی سروسز معطل کردیں
شائع 06 جولائ 2023 02:55pm
فوٹو ــ فائل پمز (اسپتال) اسلام آباد
فوٹو ــ فائل پمز (اسپتال) اسلام آباد

اسلام آباد میں نومولود بچی کے معذور ہونے کے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ آگئی۔ جس میں انکشاف ہوا ہے کہ تمام شواہد مٹا دیے گئے جبکہ بلب ٹوٹنے سے لگنے والی آگ کو ”گھڑی ہوئی کہانی“ قرار دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت کے نجی اسپتال میں تین جولائی کو نومولود بچی کی ٹانگیں جلنے کے باعث اسے پمز اسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد بتایا کہ بچی زندگی بھر اپنے پاؤں پر چل نہیں پائے گی۔

واقعہ کے بعد اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی اسپتال کی سروسزمعطل کردیں۔ آئی ایچ سی اے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی سے رجسٹر نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال کے معائنہ کے دوران درجہ حرارت کا کوئی چارٹ دستیاب نہیں تھا انتظامیہ کی جانب سے کوئی اصلاحی اقدامات نہیں کئے گئے۔

آپریشن تھیٹر میں انتہائی افسوسناک صورتحال ہے، ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ بلب ٹوٹنے سے لگنے والی آگ “گھڑی ہوئی کہانی ۔ لگتی ہے ۔ ممکنہ طور پر انکیوبیٹر کا ٹمپریچر بڑھنے سے بچی کی ٹانگیں جلیں جبکہ تمام شواہد مٹا دیئے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اسپتال میں متعلقہ قوانین کی کئی خلاف ورزیاں پائی گئیں ، آئی ایچ سی اے نے اسپتال کو نئے مریضوں کے آپریشن اور سی سیکشن کرنے سے روک دیا ہے۔

ترجمان پمز کے مطابق نومولود بچی پمز کے آئی سی یو میں داخل ہے۔ بچی کو آپریشن کے بعد پمز کے چلڈرن ہاسپٹل کی نرسری میں شفٹ کر دیا جائے گا۔