جنین میں اسرائیل کا دو روز بعد آپریشن مکمل، چہار سو تباہی، 12 فلسطینی شہید 100 سے زائد زخمی
مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع جنین کے پناہ گزین کیمپ میں دو روز بعد اسرائیل کا بڑا فوجی آپریشن ختم ہوچکا ہے، علاقے سے اسرائیلی فوجیوں کا انخلا مکمل ہوگیا ہے۔
جنین شہر میں ہر طرف تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، چہارسو تباہ شدہ عمارتیں، گاڑیاں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں کی روداد سنا رہی ہیں۔
اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تدفین کردی گئی ہے،جن کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اسرائیل نے جنین پر بمباری کی اور ڈرون حملے کیے، بلڈوزر سے مکانات گرا کر تباہی پھیلائی، تین ہزار افراد بے گھر ہوئے، مساجد کے دروازوں پر ملبہ ڈال دیا گیا۔
اسرائیلی حملوں میں بارہ فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حالیہ آپریشن پر اسرائیلی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل جنین میں فلسطینیوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ کو بحال کرے۔
Comments are closed on this story.