Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

رشوت کا بتانے پر عمران خان نے کہا آپ ریڈ لائن کراس کر رہے ہیں، عبدالعلیم خان

پی ٹی آئی چیئرمین کو ایسا آدمی چاہیئے تھا جو بے ایمانی کرتا رہے، صدر آئی پی پی
شائع 05 جولائ 2023 11:35pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ رشوت کا بتانے پر عمران خان نے کہا آپ ریڈ لائن کراس کر رہے ہیں، ہماری پی ڈی ایم سے کوئی سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سینئر سیاستدان عبدالعلیم خان نے کہا کہ عثمان بزدار کے پاس نہ لیاقت اور نہ ایمانداری تھی، پی ٹی آئی چیئرمین کو ایسا آدمی چاہیئے تھا جو بے ایمانی کرتا رہے۔

علیم خان نے مزید کہا کہ ایک گینگ پاکستان کے انتظامی فیصلے بھی کررہا تھا، نئے ڈی جی نے وہ کام نہیں کیا جو پی ٹی آئی چیئرمین چاہتے تھے، جہاز ہمارے ہوتے تھے، ملاقاتیں ہمارے گھروں میں ہوتی تھیں، میرے ڈرائیورز اور گارڈز بھی ملاقاتوں کا بتادیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو بتایا گیا کہ آپ کے گھر میں رشوت کا مال موجود ہے، اس وقت پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آپ ریڈ لائن کراس کررہے ہیں، باجوہ نے پی ٹی آئی چیئرین کو عثمان بزدار اور فرح گوگی کی کارستانیاں بتائیں تھیں، اعظم خان رپورٹس ان کی پسند کی بنا کردیتا تھا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال دونوں حکومت سے استعفے دیں گے، ہماری پی ڈی ایم سے کوئی سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں ہوگی، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں سے عوام نفرت کرتی ہے، ہوسکتا ہے کہ چوہدری سرور کل کو ہماری جماعت میں شامل ہوجائیں۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ سابق چیئرمین نیب کی بہت ساری ریکارڈنگز اسٹیبلشمنٹ کے پاس تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 300 یونٹ تک لوگوں کو مفت بجلی دیں گے، بزداروں اور فرح گوگیوں سے جان چھڑائیں گے تو ملک میں پیسہ بچے گا، جو لوگوں کو چور کہتا تھا اس کے اپنے گھر میں ڈاکے ڈالے گئے، ہم فری علاج مہیا کریں گے، غریب کسان کے ٹیوب ویل کی بجلی فری کریں گے۔

imran khan

Abdul Aleem Khan

pti chairman

Istehkam i Pakistan Party (IPP)