Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش، 3 افراد جاں بحق 8 زخمی

سڑکیں زیر آب، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2023 11:04am
Intermittent rain continues in Lahore, low-lying areas under water - Aaj News

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش کا سلسلسہ وقفے وقفے سے ابھی بھی جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب ہیں، جبکہ پشاور میں بارش وآندھی کے باعث درخت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

صرف لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے کہیں موسم خوشگوار ہوا تو کہیں یہی بارش آفت ثابت ہوئی۔

شرقپور شریف میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، چونیا‌ں شہر اور اس کے مضافات میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ شیخوپورہ شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور واسا کو نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کردی۔

محسن نقوی نے کہا کہ افسران فیلڈ میں نکل کر نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں، نشیبی علاقوں، شاہراہوں سے نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام میں کوتاہی قطعاً قابل قبول نہیں، لہٰذا اسے متعین وقت میں مکمل کیا جائے جب کہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے مؤثر مینجمنٹ کی جائے۔

دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون کی گزشتہ شام اور رات کے وقت ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

جہاں پورے پنجاب میں بارشیں جاری ہیں، وہیں جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح جلالپور پیروالہ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، شدید گرمی سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔

محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو مفید مشورے دیے جارہے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں دو افراد شانگلہ اور ایک خاتون کرک میں جاں بحق ہوئیں، جبکہ مختلف حادثات میں 8 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، حادثات میں سات گھروں کو جزوی اور ایک گھر کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔

Punjab Rains

Lahore Rains