Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کے کن حصوں میں ابر رحمت جم کر برسا، اور کہاں کہاں امکان ہے

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے
شائع 04 جولائ 2023 06:22pm

ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس نے جون جولائی کی گرمی کا زور توڑ دیا ہے، تاہم چند مقامات پر ابررحمت باعث زحمت بن کر اترا۔

ملک میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے، کہیں رم جھم تو کہیں موسلا دھاربارش ہورہی ہے، اور کچھ علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں، جب کہ کچھ علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔

خیبر پختون خواہ کے ضلع کرک میں ہونے والی موسلادھار بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنادیا وہیں تیز آندھی اور بارش سے مختلف مقامات پر چھتیں و دیواریں گر گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مختلف واقعات میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

لاہور میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل

گزشتہ رات شہر میں ہونے والی بارش نے عوام کو خوشی فراہم کی، تاہم شدید آندھی اور طوفانی بارش کے باعث بجلی کے ٹاور گرگئے، اور لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ رات آندھی سے لیسکو کی بجلی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا، اور متعدد سرکلز میں شدید آندھی کے باعث بجلی کے ٹاور گرگئے، تاہم منقطع ہونے والی بجلی کی سپلائی 95 فیصد بحال کردی گئی ہے، جب کہ متاثرہ سرکلز کے 13 فیڈرز سے سپلائی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔

ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں لائن اسٹاف کام کررہا ہے، اور جلد ہی بقایا تمام علاقوں کی سپلائی بحال کردی جائے گی، چیف ایگزیکٹو آفیسر اپنی ٹیم سمیت ریجن بھر میں بجلی بحالی کے کاموں کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

کامونکی میں موسلادھار بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا

پنجاب کے شہر کامونکی میں گزشتہ شب ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سروس روڈ انڈر پاسز پانی سے بھر گئے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

شدید بارش کے باعث نواحی علاقہ صالح پور میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور دو بچےجاں بحق ہوگئے۔۔۔ جاں بحق افراد میں بیس سالہ عادل اور اٹھارہ سالہ لائبہ شامل ہیں۔

آزاد کشمیر میں طوفانی بارش

آزاد کشمیر میں گزشتہ روز سے ہونے والی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، شدید بارش کے باعث یہاں بھی بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

باغ شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، جب کہ بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے بجلی کا نظام معطل ہوگیا ہے، نہ رکنے والی بارش کے باعث ضلع بھر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، آزادکمشیر، گلگت بلتستان ، پنجاب اوراسلام آباد میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اور آج ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ برسات کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے قلات، خضدار، ژوب اور بارکھان میں بھی بارش متوقع ہے، اور چند مقامات پرموسلادھاربارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اورلینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اوربلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا، بالخصوص کراچی میں آج موسم انتہائی گرم مگر ابر آلود رہے گا،اور شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی میں 7 اور 8 جولائی کو تیز ہواؤں، آندھی اور گرچ چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، جو 8 جولائی تک جاری رہیں گی، پہلے فیز میں بارشیں اپر پنجاب اور شمالی علاقہ جات میں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب کے 7 اضلاع بارشوں سے متاثر ہوں گے، جن میں ملتان، ڈیرہ غازیخان، راجن پور، لیہ، بھکر، بہاولپور، کوٹ ادو کے اضلاع شامل ہیں۔ جب کہ تیسرے فیز میں 7 اور 8 جولائی کو سندھ میں بارشیں ہوں گی۔

Monsoon

rainy weather

monsoon season