Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

پب جی پردوستی کے بعد پاکستانی خاتون 4 بچوں سمیت بھارت پہنچ گئی

جوڑے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بھارتی پولیس
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2023 05:10pm
تصویر: انڈیا ٹوڈے
تصویر: انڈیا ٹوڈے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون پب جی پر بھارتی شہری سے دوستی کے بعد 4 بچوں کے ہمراہ بھارت پہنچ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیما غلام حیدرنامی خاتون کی دہلی کے قریب گریٹر نوئیڈا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سچن سے گیمنگ ایپ پب جی موبائل پر دوستی ہوئی جس کے بعد دونوں میں محبت پروان چڑھی۔

فون پر منصوبہ بندی کے بعد غیرقانونی طور پر نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہونے والی سیما جب گریٹر نوئیڈا پہنچی، جہاں سچن کی رہائش ہے ، تو خاتون کے ساتھ ان کے 4 بچے بھی تھے۔

گیمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے شناسائی کے بعد سیما اور سچن نے انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ آن لائن بات چیت شروع کی ، جو محبت میں تبدیل ہوئی اور سیما نے بھارت داخلے کے بعدگریٹر نوئیڈا کے رابو پورہ علاقے میں کرائے کے اپارٹمنٹ میں سچن کے ساتھ رہنا شروع کر دیا۔

مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ گریٹر نوئیڈا میں ایک پاکستانی خاتون غیر قانونی طور پر رہ رہی ہے۔سچن کو پتہ چلا کہ پولیس کو سیما کی موجودگی کی خبر ملی ہے تو وہ سیما اور اس کے چار بچوں کے ساتھ بھاگ گیا۔

جس اپارٹمنٹ میں یہ جوڑا رہتا تھا اس کے مالک برجیش نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے یہ مکان مئی 2023 میں کرائے پر دیا تھا۔ جوڑے نے بتایاتھا کہ ان کی عدالت میں شادی ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔

مکان مالک نے پولیس کو مزید بتایا کہ خاتوں کے حلیے سے وہ پاکستانی نہیں لگتیں، انہوں نے ساڑھی پہن رکھی تھی۔

پولیس نے سچن اور سیما کو گرفتار کرلیا ہے اور اس جوڑے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ، ’معلومات حاصل کرنے کے بعد، ہم نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ فرار ہو گئے تھے۔ ہم نے ایک ٹیم تشکیل دی اور سرچ آپریشن شروع کیا جس کے بعد دونوں کی گرفتاری عمل میں آئی‘۔

پولیس کے مطابق کیس کی مزید تفصیلات جلد شیئرکی جائیں گی۔

PUBG

ٰIndia

Pakistani Woman

Pakistani woman India

Seema Rind