Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سان فرانسسکو میں سکھوں نے بھارتی قونصل خانے کو آگ لگا دی

امریکی وزارت خارجہ کی مذمت
اپ ڈیٹ 04 جولائ 2023 10:40am

امریکی شہر سان فرانسسکو میں سکھ مظاہرین نے بھارتی قونصل خانے کو آگ لگا دی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک ٹویٹ میں بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرنے والے سکھ کمیونٹی کے افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی کوشش کو مجرمانہ جرم قرار دیا ہے۔

انہوں نے لکھا، ’امریکا ہفتہ کو سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے میں مبینہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔ امریکا میں سفارتی سہولیات یا غیر ملکی سفارت کاروں کے خلاف توڑ پھوڑ یا تشدد ایک مجرمانہ جرم ہے۔‘

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مودی کیخلاف احتجاج

سکھ کمیونٹی نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی حکومت کیخلاف نعرے لگائے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت میں خالصتان کا نام لینے والوں کو قید کیا جاتا ہے، عدالتوں سے ملنے والی سزا کے بعد بھی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا، سکھ قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

دیا ٹی وی نامی امریکا کے ایک مقامی نیوز چینل نے دو جولائی کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکھایا گیا کہ خالصتان تحریک کے حامی سکھ افراد نے سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے کو آگ لگا دی۔ یہ واقعہ دو جولائی کو صبح ڈیڑھ سے ڈھائی بجے کے درمیان پیش آیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سان فرانسسکو کے فائر ڈپارٹمنٹ نے آگ پر فوری طور پر قابو پالیا۔ نقصان محدود تھا اور کوئی عملہ زخمی نہیں ہوا۔

امریکہ میں بھارتی سفیر ترن جیت سنگھ سندھو اور قونصل جنرل ڈاکٹر ٹی وی ناگیندر پرساد کو مبینہ طور پر سکھ کمیونٹی کے افراد کی جانب سے گردش کرنے والے ایک پوسٹر میں نشانہ بنایا گیا، جس میں ان پر جون میں ہونے والے ٹائیگر فورس کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔

ہرجیت سنگھ نجار خالصتان تحریک کے ایک رہنما تھے جنہیں 18 جون کو کینیڈا میں قتل کیا گیا۔

نجار خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ تھے اور انہیں بھارتی حکومت کی طرف سے جاری کردہ دہشتگردوں کی فہرست میں 40 دیگر افراد کے ساتھ نامزد گیا تھا۔

گزشتہ سال جولائی 2022 میں، بھارتی کی تحقیقاتی ایجنسی نے نجار کے سر پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔

دریں اثنا، بھارت نے کینیڈین حکام سے کینیڈا میں آئندہ خالصتان تحریک کی ریلیوں کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا تھا۔

khalistan movement

San Francisco

Consulate set on fire