Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

نیب مقدمات میں ملزم کو 14 کے بجائے 30 دن تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جائے گا، ترمیمی آرڈیننس

چیٸرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر سکیں گے
اپ ڈیٹ 04 جولائ 2023 08:22am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس میں بنیادی ترامیم ایک آرڈیننس کے ذریعے کردی گئی ہیں۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی کی منظوری سے یہ آرڈیننس جاری ہوا۔ جس کے بعد ایک بڑی گرفتاری کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نیب قوانین کے تحت گرفتار ملزم کو 14 کے بجائے 30 دن تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جاسکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیٸرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر سکیں گے۔

ذرائع وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفاقی کابینہ نے مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی اور قاٸم مقام صدر صادق سنجرانی کی جانب سے ترامیم سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر دستخط کیے گئے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی ان دنوں بیرون ملک ہیں اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہیں۔

ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے پی ڈی ایم حکومت نے نیب قوانین میں متعارف کرائی گئی اپنی ہی کچھ ترامیم واپس کی ہیں۔

پی ڈی ایم نے چیئرمین نیب سے وارنٹ اجرا کا اخیتار واپس لیا تھا کیونکہ ماضی میں نیب مقدمات میں ملزمان کو طویل عرصے تک بند رکھا جاتا تھا۔

اطلاعات کے مطابق آج چار جولائی کے بعد کسی بھی وقت ایک بڑی گرفتاری کا امکان ہے۔

عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ مبینہ کرپشن کیس میں آج منگل کو طلب کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کو نیب نے کم و بیش 11 کلیدی سوالات اور دستاویزات لانے کا کہہ رکھا ہے جن میں القادر یونیورسٹی زمین کی خریداری کی تفصیلات اور پراپرٹی ٹائیکون سے تحفوں کی تفصیلات کے بارے میں سوالات بھی شامل ہیں۔

NAB

اسلام آباد

sadiq sinjrani

care taker president

Amendments to NAB Ordinance