Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تربت میں شہید ہونے والے میجرثاقب اورنائیک باقرعلی کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

شہدا کو کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا
شائع 03 جولائ 2023 05:21pm
فوٹو — اسکرین گریب/ آئی ایس پی آر
فوٹو — اسکرین گریب/ آئی ایس پی آر

تربت میں شہید ہونے والے میجرثاقب اور نائیک باقرعلی کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ شب جنوبی بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہید ہونے والے میجر ثاقب اور نائیک باقر علی کی نماز جنازہ پہلے تربت اور پھر ان کے آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی۔ دونوں کی نمازجنازہ میں حاضرو ریٹائرڈ افسران، جوانوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جرات اور بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 31 سالہ میجر ثاقب حسین کو سانگھڑ جب کہ 26 سالہ نائیک باقرعلی کو دادو میں سپرد خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ثاقب حسین نے سوگواران میں والدین اور بیوہ چھوڑی ہے، جب کہ نائیک باقر علی نے سوگواران میں تین سالہ بیٹی اور بیوہ چھوڑی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنوبی بلوچستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی کمبیٹ پیٹرول پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک چھپ کر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمت نہ ہاری، اسی اثناء میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کو گولیاں لگیں، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، ہمارے تمام شہداء بشمول میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید کی وطن عزیز کے دفاع کی خاطر دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ISPR

hoshab

بلوچستان

Hosab Balochistan