Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خبردار! اس یورپی ملک میں سوٹ کیس لے کرجانا منع ہے

پابندی 'شہرکا احترام کریں' مہم کا حصہ ہے جو شہریوں کی شکایت پرعائد کی گئی
شائع 03 جولائ 2023 01:03pm
تصویر: نیویارک پوسٹ
تصویر: نیویارک پوسٹ

خوبصورت یورپی ملک کروشیا کا شہر ڈبرونک اپنی قدرتی خوبصورتی اورفن تعمیر کے دلکش رنگوں اور بناوٹ کیلئے حیرت انگیز مانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سیاح ہرسال بڑی تعداد میں یہاں کا رُخ کرتے ہیں لیکن اب شہرکے ’احترام‘ میں ایک انوکھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

خوبصورت گلی کوچوں والے شہر کی سیر کو جانے والے اپنا سامان ساتھ لے کرنہیں جاسکیں گے کیونکہ اس کیلئے انہیں سوٹ کیس چاہیئے جس پر پابندی عائد کردی گئی ہے البتہ ہاتھوں میں سامان اٹھانے کی کوئی ممانعت نہیں۔

یہ انوکھی پابندی ’سوٹ کیس کےشور‘ سے تنگ شہریوں کی شکایت پر عائد کی گئی ہے جن کا کہنا تھا کہ یہاں بیشتر سیاح جاتے وقت اپنے سوٹ کیس گھسیٹتے ہوئے نکلتے ہیں۔

نئی پالیسی نے دنیا بھر کے سیاحوں کو حیران کردیا ہے جو اس شہر کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق ڈبروونک کے رہائشیوں نے آواز کی آلودگی کے بارے میں شکایت کی کہ جب سیاح شہر کی مشہور پتھروں سے بنی سڑکوں اور اطراف میں اپنے سوٹ کیس گھسیٹتے ہیں تو اس عمل سے انہیں رات میں جاگنا پڑتا ہے۔

اس شکایت کے بعد شہر کے میئر ماٹو فرینکووچ نے نئے قوانین متعارف کرائے ہجن کے تحت سیاحوں کو ڈبروونک کے اولڈ ٹاؤن میں گھومتی سڑکوں کے ارد گرد پہیوں والے سوٹ کیس گھسیٹنے سے روک دیا جائے گا۔

یہاں جانے کے خواہشمند جان لیں کہ اپنا سفری سوٹ کیس ساتھ لیکر جانے کا انتخاب کرنے والوں کو 288 ڈالرز کے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ کارروائی ڈبروونک ٹورسٹ آفس کے ”شہر کا احترام کریں“ اقدام کا ایک حصہ ہے۔

نئے پورٹل میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پابندی ڈوبروونک میں سیاحوں کو سوٹ کیس لے جانے سے روکنے کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔ مقامی اطلاعات کے مطابق نومبر سے مقامی حکومت ایک ایسا نظام قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جہاں مسافر شہر سے باہر بیگ جمع کر سکیں۔

ڈبروونک ایک بہت مقبول سیاحتی مقام ہے جس میں پتھر سے بنی سڑکوں کے علاوہ ، شہر کا اولڈ ٹاؤن اپنی پرانی دیواروں ، دھوپ والی آب وہوا ، اور ہٹ ٹیلی ویژن سیریز گیم آف تھرونز میں کنگز لینڈنگ کا مقام ہونے کی وجہ سے مشہور ہے۔

Europe

croatia

Suitcases banned

Dubrovnik