ہوشاب میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ، دو اہلکار شہید
جنوبی بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی بلوچستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی کمبیٹ پیٹرول پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک چھپ کر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمت نہ ہاری، اسی اثناء میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کو گولیاں لگیں، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق میجر ثاقب حسین نے سوگواران میں والدین اور بیوہ چھوڑی ہے جب کہ نائیک باقر علی نے سوگوارن میں تین سالہ بیٹی اور بیوہ چھوڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام شہداء بشمول میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید کی وطن عزیز کے دفاع کی خاطر دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
Comments are closed on this story.