Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی والوں کو ایک اور جھٹکا، دودھ کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ

باڑے سے ہی دودھ مہنگا مل رہا ہے، دودھ فروش
شائع 02 جولائ 2023 10:37pm

کراچی میں ڈیری مافیا کی من مانی عروج پر ہے، اور پہلے سے مہنگائی، لوڈشیڈنگ و بے روزگاری سے تنگ شہریوں پر ایک اور مہنگائی بم گرگیا، کیوں کہ ڈیری مافیا نے دودھ کی قیمت میں ایک بار پھر 20 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔

قیمتوں میں من مانے اضافے کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ 230 روپے لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر کوئی من مانی کرتا ہے، کمشنر کراچی نے کہا تھا کہ دودھ کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، لیکن ڈیری مافیا نے ایک بار پھر کمشنر کے حکم کو نظر انداز کرکے دودھ کی قیمت میں اضافہ کردیا، ہمارا مطالبہ کہ کمشنر کراچی اس کا نوٹس لیں۔

دوسری جانب دودھ فروشوں نے ایک بار پھر وہی پرانی کہانی سناتے ہوئے کہا ہے کہ باڑے سے ہی دودھ مہنگا مل رہا ہے تو سستا کیسے بیچ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ کمشنر کراچی اقبال میمن نے دودھ کی قیمت 180 روپے فی لیٹر مقرر کر رکھی ہے، اور سرکاری ریٹ چیلنج کرنے پرکمشنرکراچی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دودھ مہنگا بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا، اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔

Milk Price

karachi milk price