Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

ملک کے مختلف شہروں میں آج سے مون سون بارشوں کا امکان

شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
اپ ڈیٹ 03 جولائ 2023 08:42am
تصویر/ ٹوئٹر
تصویر/ ٹوئٹر

محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جب کہ این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سے متعلق احتیاطی تدابیراختیارکرنے کی ہدایت کردی۔

گرمی کے ستائے عوام کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سے برسات کی پیش گوئی کر دی ہے، جس سے ملک میں جاری گرمی کی لہر میں کچھ دن کمی آئے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جس کے باعث 3 جولائی سے 8 جولائی کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر بادل برسیں گے، اور کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش، ژالہ باری اور آندھی کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے راولپنڈی، اسلام آباد، مری اور گلیات سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ 7 اور 8 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، شہید بینظیر آباد، مٹھی، تھرپارکر، ننگرپارکر، سانگھڑ، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، میرپور خاص، بدین، حیدرآباد اور کراچی سمیت مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

این ڈی ایم اے کے مطابق 4 سے 7 جولائی تک جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد کے علاوہ پشاور، لاہور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جب کہ مری گلیات، گلگت بلتستان خیبرپختونخواہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ ہے۔

این ڈی ایم اے ریسکیو اداروں کو ایمرجنسی سروس پرسنلز کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے، این ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں تمام اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی ہدایت لہ گیہ پئ۔

مراسلے میں سڑکوں پر کسی رکاوٹ کی صورت میں این ایچ اے ایف ڈبلیو او کے ساتھ رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سیلاب یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں، اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے نالوں اور رکاوٹوں کو صاف رکھیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کی جائے، تمام ادارے نکاسی آب کا نظام رواں رکھنے کی کوشش کریں اور سیلاب زدہ علاقوں میں قبل از وقت وارننگ سسٹم کو فعال کریں۔

خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی کیئے جانے کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کردی۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

واضح رہے کہ بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے اس دوران پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان میں اربن فلڈنگ متوقع ہے۔

NDMA

landslides

rainy weather

Urban flooding

monsoon season