Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

2 بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ورلڈ کپ 2023 کی دوڑ سے باہر

کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کو عبرت ناک شکست
شائع 01 جولائ 2023 08:58pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے عبرت ناک شکست دے دی، جس کے بعد 2 بار کی عالمی چیمپئن ورلڈ کپ 2023 کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے گروپ میچز میں زمبابوے اور نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہفتے کو سپر سکس مرحلے کے میچ میں اسکاٹ لینڈ سے بھی ہار گئی ۔

ہرارے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جیسن ہولڈر 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، روماریو شیفرڈ نے 36 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے برینڈن مک مولن نے 3، کرس سول، میٹ واٹ، کرس گرِیوز نے 2،2 اور سفیان شریف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کے 182 رنزکا ہدف اسکاٹ لینڈ نے 43.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا اور 7 وکٹوں سے شکست دی۔

اسکاٹ لینڈ کے میتھیو کراس نے 74 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی جبکہ برینڈن میک مولن نے 69 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین، روماریو شیفرڈ اور جیسن ہولڈر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس شکست کے ساتھ ہی 2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز پہلی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔

یہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے لیے جگہ نہ بناسکی۔

بھارت میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ویسٹ انڈیز کے بغیر ہونے والا پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے 1975 اور 1979 میں عالمی کپ جیتا تھا۔

cricket

ODI World Cup

icc cricket world cup

harare

ICC Cricket World Cup Qualifier

west indies vs scotland