Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارشد وارثی سے بگ باس کی میزبانی کیوں لی گئی، اداکار نے بتادیا

ایسے رئیلٹی شو کو سلمان خان جیسے دبنگ کی ضرورت ہے، بالی ووڈ اداکار
اپ ڈیٹ 01 جولائ 2023 05:45pm
ارشد وارسی دائیں جانب اور سلمان خان بائیں جانب۔ فوٹو — فائل
ارشد وارسی دائیں جانب اور سلمان خان بائیں جانب۔ فوٹو — فائل

فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں سرکٹ کا کردار ادا کرنے والے ارشد وارثی نے بھارتی رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کی میزبانی واپس لیے جانے سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

ارشد وارثی نے بھارتی رئیلٹی شو بگ باس اور فلم جولی ایل ایل بی میں مرکزی کردار تو کھویا لیکن دونوں منصوبے ان کے باوجود بھی کامیاب ثابت ہوئے۔

سلمان خان رئیلٹی شو میں ارشد وارثی کی جگہ لینے میں کامیاب رہے اور وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے بگ باس کی میزبانی کر رہے ہیں جبکہ اکشے کمار کو ارشد وارثی کی جگہ سبھاش کپور کی جولی ایل ایل بی 2 میں وکیل کے کردار کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔

ایک انٹرویو میں بھارتی اداکار نے کہا کہ اب جولی ایل ایل بی 3 کی تیاری جاری ہے اور آپ اکشے کو فلم میں میرے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے دیکھیں گے، یہ اصل منصوبہ تھا، البتہ میں پہلی فلم میں کام کروں گا جب کہ وہ دوسری فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

بگ باس سے متعلق اداکار نے کہا کہ رئیلٹی شو کے دوسرے سیزن میں اس لئے کام نہیں کر سکا کیونکہ میں شوٹنگ کے لئے لندن گیا تھا۔

ارشد وارثی کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے سلمان خان شو کا سب سے بہترین شاٹ ہے، یہ کام سلمان سے بہتر کوئی نہیں کر سکتا تھا، ایسے رئیلٹی شو کو سلمان خان جیسے دبنگ کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ارشد وارثی نے صرف بگ باس کے پہلے سیزن کی میزبانی کی تھی جبکہ ان کے علاوہ اس رئیلٹی شو کی میزبانی شلپا شیٹھی، فرح خان اور امیتابھ بچن بھی کرچکے ہیں۔

Salman Khan

Bollywood

Big Boss

Arshad warsi