Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حجاج کے شیطانوں کو کنکریاں مارنے کیلئے خصوصی انتظامات

سال 2023 کا سفرِ حج اختتامی مرحلے میں داخل، حاجیوں کا جوش و خروش قابل دید
شائع 29 جون 2023 12:46pm
فوٹو: آئی آر این اے
فوٹو: آئی آر این اے

سال 2023 کا سفرِ حج اختتامی مرحلے میں ہے، منیٰ میں حجاج دوسرے دن کی رمی جمرات کر رہے ہیں۔

حجاج کی جانب سے دوسرے دن کی رمی جمرات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز حجاج نے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں تھیں جبکہ حجاج کی بڑی تعداد نے مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف افاضہ کیا۔

حاجی 30 جون کو تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد منیٰ سے روانہ ہوجائیں گے۔

قبل ازیں لاکھوں عازمین حج نے میدان عرفات میں حج کا رُکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے اور مزدلفہ میں رات گزارنے کے بعد منیٰ پہنچ کر رمی کی اور قربانی کا فریضہ ادا کیا۔

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے مطابق رواں برس 2023 میں 150 سے زیادہ ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار 45 رہی ہے۔

شیطانوں کو کنکریاں مارنے کیلئے خصوصی انتظامات

وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکریٹری نے بتایا کہ منیٰ میں جمرات کی رمی کے لیے 66 فیصد حجاج نے پہلی اور چوتھی منزل کا استعمال کیا دیگر نے گراؤنڈ، دوسری اور تیسری منزل استعمال کی۔

رمی کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے جمرات کمپلکس بنایا گیا ہے جو 950 میٹر طویل ہے۔ اس کا عرض 80 میٹر ہے اوریہ 4 منزلہ ہے۔ مستقبل میں کمپلکس کی 12 منزلیں اٹھائی جاسکتی ہیں، جس سے 50 لاکھ حجاج بیک وقت رمی کرسکیں گے۔ جمرات کے ستون 60 میٹر اونچے ہیں اور یہ ستون بیضوی شکل کے ہیں۔

رمی کے لئے شیڈول کے مطابق حاجیوں کو قافلوں کی شکل میں بھیجا جاتا ہے۔ اس کے تحت مختلف مقامات پر خیمہ زن حاجی مقررہ نظام الاوقات کے مطابق رمی کےلیے جاتے ہیں۔

جمرات کمپلکس کی تعمیر میں ایک اور بات کا اہتمام کیا گیا ہے، وہ یہ کہ سارے حجاج کو ایک ساتھ، جمرات پل کے کسی ایک راستے پر جمع ہونے سے روکا جائے۔ اسی لیے کئی راستے بنائے گئے ہیں۔

جمرات کے پل کو مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) ٹرین سے بھی مربوط کردیا گیا ہے، تاکہ حجاج رمی کے بعد مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے اپنی مطلوبہ منزل تک با آسانی پہنچ سکیں۔

Hajj 2023

Saudi Arabia hajj policy 2023

PIA Hajj Operation